آزادی مارچ کے قافلوں کی وفاقی دارالحکومت میں ’تفریح‘، شہر میں دہشت گردوں کے داخل ہونے کا خدشہ
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے کارکن تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہو رہے ہیں، شہر میں داخل ہونے والے شرکاءاور اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی تاہم رہنماﺅں نے حالات پر قابو پا لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مختلف حصوں سے اسلام آباد کا رخ کرنے والے تحریک انصاف کے قافلے اپنی مدد آپ کے تحت کنٹینرز ہٹاتے ہوئے وفاقی دارالحکومت میں داخل ہو گئے ہیں۔ خیبر پختونخواہ کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی قیادت میں آنے والا قافلہ بھی شہر میں داخل ہو چکا ہے۔ جلسوں کی جگہ کا تعین نہ ہونے کے باعث شرکاءشہر میں ادھر ادھر گھوم رہے ہیں۔ پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر ایسا ہی ہوتا رہا تو موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دہشت گرد بھی شہر میں داخل ہو سکتے ہیں اور کسی بھی قسم کا اندوہناک واقعہ پیش آ سکتا ہے۔ شہر میں داخل ہونے والے آزادی مارچ کے شرکاءانتہائی پر جوش دکھائی دے رہے ہیں او ر پاکستان تحریک انصاف کے حق میں نعرے بازی کر رہے ہیں۔ اس تمام صورتحال پر وفاقی پولیس بے بس دکھائی دے رہی ہے اور ایک جگہ پر مارچ کے شرکاءاور پولیس اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہو گئی لیکن وہاں موجود تحریک انصاف کے رہنماءاور پولیس افسران حالات پر قابو پانے میں کامیاب رہے۔ اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ کے شرکاءکے جلسے کی جگہ متعین نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی واضح روٹ کا تعین کیا گیا ہے اس لئے تحریک انصاف کے کارکن پورے شہر میں گشت کر رہے ہیں جس کے باعث مشکلات پیش آ رہی ہیں۔