سی ڈی اے کے زیر اہتمام آج مختلف مقابلوں کا آغاز ہوگا

سی ڈی اے کے زیر اہتمام آج مختلف مقابلوں کا آغاز ہوگا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) اور کھیلوں کی تنظیموں کے زیر اہتمام جشن آزادی کو بھر پور اور شایان شان طریقے سے منانے کیلئے (آج) پیر سے مختلف مقابلوں کا آغاز ہوگا۔سی ڈی اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اینڈ کلچر ثناء اللہ امان نے کہا کہ جشنِ آزادی کے سلسلے میں رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ ساتھ 14 اگست کو ایک آزادی سائیکل ریس کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی سے سائیکلسٹ شرکت کریں گے۔ یہ ریس آرٹس اینڈ کرافٹ ویلج سے شروع ہو کر زیرو پوائنٹ اور آئی ایٹ انٹر چینج سے گذر کر براستہ گارڈن ایونیو آرٹس اینڈ کرافٹ ویلج پر ہی اختتام پذیر ہو گی۔ انہوں نے بتایاکہ اس موقع پر مختلف ثقافتی پروگرام بھی منعقد ہوں گے۔
اسی طرح جشن آزادی کے موقع پر کھیلوں کی تنظیمیں بھی جشن آزادی کو بھر پور اور شایان شان طریقے سے منانے کیلئے مختلف مقابلے منعقد کروائیں گیں ۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن جشن آزادی کو بھر پور طریقے سے منانے کیلئے اسلام آباد سمیت ملک بھر میں جوڈو کے مقابلوں کا انعقادکرے گی۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر اور میڈیا کوآرڈینیٹر مسعود احمد خان نے چاروں صوبوں اور تمام یونٹس کو ہدایت کی ہے کہ جشن آزادی کے موقع پر اپنے اپنے صوبوں اور تمام یونٹس جشن آزادی کو بھر پور طریقے سے منانے کیلئے نمائشی میچز منعقد کروائیں جائیں۔ پاکستان سائکلنگ فیڈریشن بھی ملک بھر میں جشن آزادی کے موقع پر مقابلے منعقد کرائیں۔ مزید برآں پاکستان سائکلنگ ایسوسی ایشن کے تعاون سے ڈپٹی کمشنر نوشہرہ جشن آزادی کو بھر پور طریقے سے منانے کیلئے 13 اگست کو پشاور قلعہ بالاخصار سے نوشہرہ تک روڈ سائیکلنگ ایونٹ کا انعقاد کرے گا جس میں پشاور کے سا ئیکلسٹ شرکت کریں گے۔ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن جشن آزادی کو بھر پور طریقے سے منانے کیلئے 14 اگست کو ملک بھر میں نیٹ بال کے مقابلوں کا انعقادکرے گی۔ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں کے مطابق جشن آزادی کے موقع پر اسلام آباد، کراچی، حیدر آباد، لاہور، فیصل آباد، کوئٹہ، پشاور اور گلگت میں نیٹ بال کے نمائشی میچ ہوں گے۔
پاکستان ٹین پین باولنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام آزادی کپ ٹین پین باؤلنگ چیمپئن شپ بدھ کو لیژر سٹی باؤلنگ کلب صفہ گولڈ مال میں شروع ہوگئی جس میں ملک بھر سے بڑی تعداد میں مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے۔ چیمپئن شپ میں کھلاڑیوں کے درمیان ماسٹر سنگلز، ڈبلز، ٹیم، ٹرائز، امیچور، ڈیف کے کھیلے جارہے ہیں۔ فیڈریشن جشن آزادی کے موقع پر ہر سال مقابلے منعقد کراتے ہیں۔ اسی طرح سپورٹس کی دیگر تنظیمیں سکواش ، کراٹے، ہاکی، ریسلنگ کبڈی اور دیگر بھی جشن آزادی کے موقع پر مقابلے منعقد کرائیں گی۔