اعلٰی تعلیم صرف اشرفیہ کی میراث نہیں ، پاکستان کے ہر بچے کا حق ہے : شہباز شریف

اعلٰی تعلیم صرف اشرفیہ کی میراث نہیں ، پاکستان کے ہر بچے کا حق ہے : شہباز شریف

لاہور(سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاء اور پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے ملک بھر کے مالی مشکلات سے دوچار2 لاکھ سے زائدطلبا وطالبات زیور تعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں اور اس تعلیمی فنڈکی آمدن سے اب تک 12ارب روپے کے وظائف میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کیے جاچکے ہیں ۔اگریہ تعلیمی فنڈ70سال قبل معرض وجود میں آجاتا تو آج 2لاکھ کی بجائے 2کروڑ سے زائدہونہار بچے اوربچیاں اپنی تعلیمی پیاس بجھا رہے ہوتے۔ وزیراعلی نے منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اعلی تعلیم صرف اشرافیہ کی میراث نہیں بلکہ یہ پاکستان کے ہر بچے کا حق ہے اورپنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے غریب گھرانوں کے ہونہار بچوں پر اعلی تعلیم کے دروازے کھلے ہیں اوراس فنڈسے صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخواہ،گلگت بلتستان، آزاد کشمیراورپاکستان بھر سے طلبا و طالبات مستفید ہورہے ہیں جس سے قومی یکجہتی اور بھائی چارے کو فروغ ملا ہے ۔انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان کا ایک مقصد سب کو یکساں تعلیمی مواقعوں کی فراہمی بھی ہے اور قیام پاکستان کے اس اہم مقصد کی تکمیل میں یہ فنڈاہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ قائم کر کے قوم کے تابناک مستقبل کی بنیاد رکھ دی ہے اوریہ فنڈ محنت ،امانت اور دیانت کی کامیاب کہانی ہے ۔ جس نے قوم کے غریب بچے بچیوں پر معیاری تعلیم کے دروازے کھول دےئے ہیں اوراس فنڈ سے قوم کے نوجوان ڈاکٹرز، انجینئرز، بینکرز، ٹیچرز بن رہے ہیں اورملک کی تعمیر وترقی میں اپنا بھر پور کردارادا کررہے ہیں ۔ اعلی تعلیم صرف اشرافیہ کا حق بن کررہ گیا تھا جبکہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ نے یہ حق کم وسیلہ بچوں اور بچیوں تک پہنچایا ہے ۔ شہباز شریف نے پاکستان کے 70ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی ہے اوراپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان لاکھوں مسلمانوں کی لازوال قربانیوں اور عظیم جدوجہد کا ثمر ہے اورعلامہ اقبالؒ نے آزاداور خودمختار ریاست کا خواب دیکھا جو قائداعظم ؒ کی بے مثال قیادت میں عظیم جدوجہد کے بعد شرمندہ تعبیر ہوا،بلاشبہ14 اگست ہماری قومی تاریخ کا انتہائی اہم دن ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے اور زندہ قومیں اپنا یوم آزادی بھرپور طریقے سے مناتی ہیں اور آج پاکستانی قوم اپنا 70واں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے برصغیر کے مسلمانو ں نے خون کی ندیاں عبور کیں۔ہم نے آزادی جیسی نعمت تو ضرور حاصل کی مگر ابھی تک قیام پاکستان کے مقاصد حاصل نہیں ہو سکے۔ آج خود احتسابی کا دن ہے، سوچنا ہوگا کہ ہم دوسری قوموں سے کیوں پیچھے ہیں اورماضی سے سبق سیکھ کرمستقبل کو درست کرنے کے لئے محنت کے سنہری اصول کو اپنانا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ آج عوام میں وہی جذبہ بیدار کرنے کی ضرورت ہے جو قیام پاکستان کے وقت تھا اور آج بھی وطن ہم سے محنت اور صرف محنت کا تقاضا کر رہاہے اور پاکستان کو آگے لیجانے کیلئے ہر فرد کو اپنی اپنی جگہ محنت سے کام کرنا ہوگا۔آزادی کی نعمت کے تحفظ کیلئے معاشرے میں باہمی تعاون اور خیر سگالی کو فروغ دینا ہوگااور متحد ہو کر حصول پاکستان کے مقاصد کو حاصل کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پر عزم ہے۔ آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد اس عزم کی اعلی مثالیں ہیں۔ پاکستان کے استحکام اور امن کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں اور ہمیںیوم آزادی مناتے وقت قوم کے ان ہیروز کو بھی خراج عقید ت پیش کرنا ہے جنہوں نے اپنا آج وطن کے امن کے لئے قربان کیاہے۔

شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر،نمائندہ پاکستان)گزشتہ روزوزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف اور ایم این اے حمزہ شہباز نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی ۔اورباہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف ہیلی کاپٹر کے ذریعے اور ایم این اے حمزہ شہباز بذریعہ سڑک جاتی عمرہ پہنچے۔دونوں رہنماوں سے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق میاں شہباز شریف اور میاں نواز شریف نے والدہ کے ہمراہ دن گزارا۔اس دوران باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی سیاسی صورتحال پربھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔جبکہ میاں نواز شریف کی جانب سے گزشتہ رات جلسے میں اعلان کردہ آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی مشاورت کی گئی۔

ملاقات

مزید : علاقائی


loading...