شاہراؤں پر ون ویلنگ اور ریس کے مظاہرے،پولیس کارروائی میں ناکام

شاہراؤں پر ون ویلنگ اور ریس کے مظاہرے،پولیس کارروائی میں ناکام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( خبر نگار) صوبائی دارالحکومت میں سخت پابندی کے باوجود اتوار کے روز درجنوں موٹر سائیکل سوار منچلے شاہراؤں پر ون ویلنگ اور ریس لگاتے رہے۔ پولیس ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہی ۔ بتایا گیا ہے کہ شہر میں سخت پابندی کے باوجود موٹر سائیکل سوار نوجوان ٹولیوں کی صورت میں مختلف شاہراؤں پر جان لیوا کرتب کرتے رہے متعدد نوجوان لاکھوں روپے کی شرطیں لگا کر موٹر سائیکلوں پر ریس لگاتے رہے۔ پوش علاقوں میں منچلے نوجوانوں کے ساتھ خوبرو لڑکیاں بھی موٹر سائیکلوں پر بیٹھی دکھائی دیتی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ امیر گھروں سے تعلق رکھنے والے لڑکے لڑکیاں ہیں جو 125موٹر سائیکلوں کے ساتھ ساتھ ہیوی بائیکس پر سوار ہو کر ریس لگاتے ہیں۔ ایسے گروپ لبرٹی مارکیٹ ، مین بلیووارڈ گلبرگ، ڈیفنس ، ماڈل ٹاؤن کے علاقوں میں معروف پارکوں، چوکوں اور مارکیٹیوں کے ارد گرد موٹر سائیکلوں پر گھومتے دکھائی دیتے ہیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان ویلروں میں متعد د نوجوان فیملیز اور خواتین سے پرس چھین کر فرار ہو جاتے ہیں مگر پولیس ان نوجوانوں کے خلاف موثر کارروائی میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے متعدد نوجوانوں کو پکڑ لیا مگر چند ایک کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

مزید :

علاقائی -