گلے پر ڈور پھرنے سے 2سالہ بچہ جاں بحق والدہ پر غشی کے دورے

گلے پر ڈور پھرنے سے 2سالہ بچہ جاں بحق والدہ پر غشی کے دورے

لاہور(خبرنگار) اسلام پورہ کے علاقہ میں دو سالہ بچہ گلے پر ڈور پھرنے کے باعث جاں بحق ہو گیا، واقعہ پر والدہ پر غشی کے دورے، جبکہ گھر میں صف ماتم بچھ گیا۔ بتایا گیا ہے کہ بلال پارک لوئر مال کے رہائشی محنت کش توصیف احمد کے بچوں نے 14 اگست کی جھنڈیاں دیکھنے کی خواہش کی جس پر محنت کش توصیف احمد اپنے بچوں کو لے کر 14 اگست کے لئے جھنڈیاں خریدنے جا رہا تھا کہ آؤٹ فال روڈ پر موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے اچانک کٹی پتنگ کی دھاتی ڈور اس کے کم سن بچے سفیان کے گلے پر پھر گئی جس کے باعث سفیان خون میں لت پت ہو کر موٹر سائیکل سے گر گیا۔ اسے شدید زخمی حالت میں میو ہسپتال لے جایا گیا کہ ہسپتال میں پہنچتے ہی جاں بحق ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کم سن بچے کی والدہ اوربہنوں سمیت عزیز و اقارب میو ہسپتال پہنچ گئے جہاں پر قاتل پتنگ بازوں کے خلاف سینہ کوبی کی اور زبردست مظاہرہ کیا۔ پولیس نے جاں بحق ہونے والے بچے کی نعش قبضہ میں لے کر مردہ خانہ میں جمع کروا دی ہے۔ ایس پی سٹی عادل میمن کے مطابق ایس ایچ او اسلام پورہ کو شوکاز نوٹس دے دیا گیا ہے جبکہ واقعہ کا وزیر اعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے لیا ہے اور آئی جی پنجاب پولیس سے 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔

مزید : علاقائی


loading...