جشن آزادی پر ون ویلروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ، ٹریفک پولیس کے سپیشل سکواڈ تشکیل

جشن آزادی پر ون ویلروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ، ٹریفک پولیس کے سپیشل سکواڈ ...

لاہور(خبرنگار)جشن آزادی پر ون ویلروں کو روکنے کیلئے ٹریفک پولیس کے سپیشل سکواڈ تشکیل دے دئے گئے ہیں، شہر بھرمیں ناکہ بندی کر کے ون ویلرز کیخلاف موقع پرکریک ڈاؤن کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق آج جشن آزادی کے موقع پر ویلروں کو روکنے کیلئے پولیس،ٹریفک پولیس اورڈولفن فورس پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں تمام سیکٹرز میں 1685 ٹریفک وارڈنز جبکہ320 اضافی وارڈنزتعینات کردیے گئے ہیں جو شہر بھر میں خونی کھیل کھیلنے والے ون ویلرز کو روکیں گے ،نیزاضافی پٹرولنگ آفیسرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔شہر میں مختلف مقامات پر ٹریفک پولیس کے ناکے لگائے جائیں گے۔کینال روڈ، گلبرگ، فیروز پور روڈ پر سپیشل سکواڈ کو تعینات کیا جائے گا اور ون ویلروں کے خلاف موقع پرمقدمات بھی درج کئے جائیں گے۔ دریں اثنا ء چیف ٹریفک آفیسر لاہور رائے اعجاز احمدنے ون ویلنگ کی روک تھام اور محفوظ سفربارے شعور اجاگر کرنے کیلئے منعقد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ نوجوان نسل ملک وقوم کا قیمتی اثاثہ ہے جسے حادثات کی نذر نہیں ہونے دیا جائے گا، ون ویلنگ ایک خونی کھیل ہے جس کے اثرات تمام گھر والوں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ نوجوانوں کوون ویلنگ جیسے خونی کھیل کے نقصانات اورمحفوظ سفر کا شعور بیدار کرنے کیلئے ہر سطح پر ایجوکیٹ کیا جارہا ہے، والدین کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں ،ون ویلنگ کے خاتمہ کیلئے شہریوں خصوصاََ والدین کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔اٹلس ہنڈا کے تعاون سے فوارہ چوک مین بلیوارڈ گلبرگ سے سنٹر پوائنٹ تک موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی جس میں اٹلس ہنڈا کے نیشنل سیفٹی منیجر تسلم شجاع،ٹی آر ایس ایف کے چیئرمین خورشید الزمان خوشحالی اور پاکستان بائیکرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ رائے اعجاز احمد نے مزید کہاکہ جشن اآزادی کے موقع پر کسی کو ون ویلنگ،خطرناک انداز میں موٹر سائیکل چلانے اور ہلڑ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔موٹر سائیکل کے سائیلینسر، بفل اورپریشر ہارن کا استعمال کرنیوالوں سے بھی سختی سے نمٹا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ شہر میں ایسی تما م سڑکوں پرجہاں ریسنگ اور ون ویلنگ زیادہ ہو تی ہے وہاں پر پٹرولنگ افسران کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسے عناصر کیخلاف موثر کاروائی کریں۔

مزید : علاقائی


loading...