قومی مفاد کی بالا دستی اور ناقابل تسخیر دفاع کیلئے ہم سب مل کر جدو جہد کریں گے،صدر مملکت ، وزیراعظم

قومی مفاد کی بالا دستی اور ناقابل تسخیر دفاع کیلئے ہم سب مل کر جدو جہد کریں ...

اسلام آباد (این این آئی) صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یوم آزادی کے موقع پر تمام اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ رنجشوں اور گلے شکوؤں پر قابو پا کر قومی مفاد میں آئین پاکستان پر متحد ہونے اور اس کی حفاظت و پاسداری کو یقینی بنانے کا عزمِ نو کرناہوگا ٗقومی مفاد کی بالا دستی اور ایک ناقابل تسخیر دفاع پوری قوم کا مشترکہ مقصد ہے جس کے لیے ہم سب مل کر جدو جہد کریں گے۔ ملک کے یوم آزادی کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہاکہ آج خوشی اور جوش و جذبے کے وفور میں قومی پرچم سر بلند کرتے، کاروانِ عزم و ہمت کو ہمیشہ رواں دواں رکھنے کا عزم صمیم دہراتے اور تعمیرپاکستان کے عہد کی تجدید کرتے ہوئے مسّرت کے بے پایاں جذبات کے ساتھ ساتھ ہمارے دل و دماغ میں بعض خدشات بھی اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں ، آج سے ستّر برس قبل آزادی حاصل کرتے وقت ہمارے بزرگوں نے عزم کیا تھا کہ اپنی جہد مسلسل سے اقوامِ عالم میں نمایاں مقام حاصل کرنے والی یہ قوم اپنے فکروعمل سے ایک ایسے نظام کی نقیب بنے گی جس کے نتیجے میں یہ خطۂ ارض امن وآشتی کا گہوارہ بنے گا اور ایک ایسا فلاحی معاشرہ وجود میں آئے گا جس کی پیروی کر کے دنیا اپنے دکھوں سے نجات حاصل کرے گی ۔ صدر مملکت نے کہاکہ وطنِ عزیز کو آج جن چیلنجوں کا سامنا ہے، اُن کے پیش نظر ضروری ہے کہ غیرجذباتی طریقے سے مسائل کا جائزہ لے کر ملک میں اعتدال اور معقولیت کو فروغ دیا جائے ایسے میں ضروری ہے کہ اپنی رنجشوں اور گلے شکوؤں پر قابو پا کر خالصتاً قومی مفاد میں آئینِ پاکستان پر متحد ہوجائیں اور اس کی حفاظت اور پاسداری کو یقینی بنانے کا عزمِ نو کریں کیونکہ یہی دستاویز ہمیں اپنی ذات سے بلند کر کے قومی مقاصد کی آبیاری کا راستہ دکھائے گی اور انشاء اللہ قومی امنگوں کے ترجمان کی حیثیت سے وطنِ عزیز کی ترقی واستحکام کی ضمانت فراہم کرے گی۔صدرمملکت نے کہاکہ آج کے دن ہم عہد کر تے ہیں کہ قومی مقاصد کے حصول ،نصب العین کے تعین اور اس میں کامیابی کے لیے اختیار کیے گئے طریقۂ کار سے کبھی انحراف نہیں کریں گے ، ریاست اور نظامِ ریاست کے استحکام کا راستہ بھی اسی روّیے سے نکلے گا، جمہوری روّیوں میں بلوغت و پختگی بھی اسی سے پیدا ہو گی اور قومی ترقی واستحکام کا راستہ بھی اسی سے ہموار ہو گا۔صدر مملکت نے کہاکہ آئیے!وطنِ عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے تمام اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کے دست و بازو بن جائیں، اپنے دامن سے نفرتوں اور بدگمانیوں کو جھاڑ کر اخلاص و محبت کو فروغ دیں اور مایوسی کے اندھیروں کو امید کی روشنی میں بدل کر اپنی قوم کا مستقبل محفوظ بنا دیں تاکہ ہم اپنے وطن میں آزادی کی حقیقی خوشیاں منا سکیں۔ ملک کے یوم آزادی کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ستر سال قبل ہمیں جو آزادی ملی تھی وہ آزادی ہمارے آباؤ اجداد کی بے مثال جدو جہد کا ثمر تھی، لاکھوں مسلمانوں نے ہمارے اور ہمارے بچوں کے مستقبل کے لیے قربانیاں دی تھیں، آج اْن کی قربانیوں کی وجہ سے ہم لوگ ایک پر امن اور باوقار ملک میں ترقی اور خوشحالی کے راستے پر چل رہے ہیں، ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیاں ہم پر اور ہماری آنے والی نسلوں پر قرض ہے اور ملک کو حقیقی معنوں میں ایک آزاد اور خود مختار ملک بناکر ہی ہم یہ قرض چکا سکتے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ ہمارا تعلق قبیلے ،برادری اور نسل کی بنیاد پرمختلف ہوسکتا ہے، ہم مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھ سکتے ہیں، ہمارے سیاسی نظریات مختلف ہوسکتے ہیں،اقتصادی وژن الگ ہوسکتا ہے لیکن قومی مفاد کی بالا دستی اور ایک ناقابل تسخیر دفاع پوری قوم کا مشترکہ مقصد ہے جس کے لیے ہم سب مل کر جدو جہد کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں قائد اعظم نے جدید جمہوری ریاست کا ایک خواب دیکھا تھا۔

صدر ،وزیر اعظم

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...