آج ملک بھر میں 70واں جشن آزادی ملّی جوش و جذبے سے منایا جائے گا ، ملک بھر میں تعطیل کا اعلان

آج ملک بھر میں 70واں جشن آزادی ملّی جوش و جذبے سے منایا جائے گا ، ملک بھر میں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آبا د(آن لائن ) پاکستانی قوم اپنا 70واں جشن آزادی آج(پیر کو) نہایت جوش و خروش اور ملی جوش و جذبہ کے ساتھ منائے گی جشن آزادی کے سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مرکزی تقریب منعقد کی جائے گی جبکہ آزاد کشمیر ،شمالی علاقہ جات ،گلگت و بلتستان ،چاروں صوبوں،جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں تقریبات منعقد ہوں گی دن کا آغاز مساجد میں تحریک آزادی کے شہداء کیلئے قرآن خوانی سے ہو گا جبکہ ملک و قوم کی سلامتی ،ترقی و خوش حالی اور مادروطن کی حفاظت کیلئے سرحدوں پر تعینات پاک فوج کے جوانوں کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی ۔ سرکاری و نجی عمارتوں،گھروں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے جبکہ مارکیٹوں اور گلیوں بازاروں کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا جائے گارات کو عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا جائے گاپرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوں گی ۔جشن آزادی کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی ملک بھر میں جشن آزادی کے سلسلے میں بچوں ،مردو خواتین میں بے پناہ جوش و خروش پایا جاتا ہے ملک بھر کے تمام شہروں میں گلی محلوں اور بازاروں کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے تمام شہروں میں قومی پرچم ،جھنڈیوں،بیجز وغیرہ کی خرید عروج پر پہنچ چکی ہے جبکہ پولیس کی جانب سے سخت ترین حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔دریں اثناء جشن آزادی کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں بڑا ائیر شو ہو گا ، ریہرسل کے دوران جنگی طیاروں کی گھن گرج نے ماحول گرما دیا ، یوم آزادی کا جشن ہے اور تاریخ کے سب سے بڑے ائیر شو کے لیے پاک فضائیہ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔سعودی ہاکس اور سولو ترک فارمیشنر بھی رنگ جمانے کے لیے تیار ہیں۔ اسلام آباد میں جنگی طیاروں کی گھن گرج اور ریہرسل سے ہر طرف رنگ بکھر گئے۔ 14 اگست کو اسلام آباد کے ایف نائن پاک میں دن ایک بجے جبکہ کراچی میں سی ویو پر دن دو بجکر پچاس منٹ پاک فضائیہ کا ائیر شو ہوگا۔ پہلی مرتبہ سعودی ہاکس اور سولو ترک فارمیشنر بھی پاکستان میں فضائی کرتب کا مظاہرہ کریں گی۔دوسری جانب اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے ایف سولہ ، جے ایف سیونٹین طیاروں اور جنگی ہیلی کاپٹرز نے ریہرسل میں حصہ لیا۔ جنگی طیاروں نے کمال مہارت کیساتھ کرتب دکھائے اور کمانڈوز نے بھی ہیلی کاپٹرز سے فری فال کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جشن آزادی کے دن راولپنڈی میں پاک فوج میوزیم بھی صبح 9 سے شام 4 بجے عوام کے لیے کھلا رہے گا۔