پاکستان اور چین دوستی کے مضبوط رشتے میں بندھے ہیں،آج پورے پاکستان کیلئے جشن کا دن ہے،چینی نائب وزیراعظم
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)چینی نائب وزیراعظم وانگ یانگ نے کہا ہے کہ آج پورے پاکستان کیلئے جشن کا دن ہے اور چین پاکستانیوں کی خوشیوں میں برابر شریک ہے۔پاکستان اور چین دوستی کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کی دوستی لازوال ،شہد سے میٹھی اور فولاد سے مضبوط ہے،اسلام آباد کنونشن سنٹر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ نے کہا کہ پاکستان کی یوم آزادی کی تقریب میں شرکت پربہت خوشی ہے ،پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی انتھک محنت کی وجہ سے وجود میں آیااور آج پاکستان پرامن ترقی اور پرامن بقائے باہمی کے راستے پر گامزن ہے ، پاکستان نے خودانحصاری کی راہ پر خود کو مضبوط کیا، پاکستانی معیشت ترقی کر رہی ہے اوردنیا کی 50 عالمی معیشتوں میں شامل ہو گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے 70سال کے دوران جدوجہد کرکے ملک کاتحفظ یقینی بنایا ، محنتی پاکستانی عوام نے کم وسائل کے باوجود ملک کی ترقی کیلئے محنت کی ،چینی نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان ایک دوسرے سے منسلک ہیں اور پاکستان نے محنت کر کے خودمختاری اور دفاع کو مضبوط بنایا ،چین اور پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں اورجدید دور میں پاکستان، چین ایک دوسرے کے قریب تر آرہے ہیں ،ان کاکہنا تھا پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں اور ہم کبھی نہیں بھولیں گے کہ چین کے زلزلہ زدہ علاقوں میں سب سے پہلے پاکستان نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیااور متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
وانگ یانگ کا کہنا تھا چین پاکستان کےساتھ اپنے سٹرٹیجک تعلقات کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے ،چین ملکی آزادی اورخودمختاری کیلئے پاکستانی حکومت کی ثابت قدمی کیساتھ کوشش کرتا رہے گااورہم بیرونی ماحول کو بہتر بنانے کیلئے پاکستان کی ثابت قدمی کے ساتھ حمایت جاری رکھیں گے،انہوں نے کہا ہماری کوشش ہے کہ ون روڈ ون بیلٹ منصوبوں میں کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ پاکستان کو اقتصادی فوائد حاصل ہو سکیں،چین پاکستان کیساتھ عوامی سماجی اور سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے ۔