43 ممالک افغانستان اور مشرق وسطیٰ کا مسئلہ حل نہیں کرسکے ،پاکستان نے تنہا دہشتگردوں کا قلع قمع کردیا، افغان سرحد پر باڑ لگا کر رہیں گے : ایئر چیف

43 ممالک افغانستان اور مشرق وسطیٰ کا مسئلہ حل نہیں کرسکے ،پاکستان نے تنہا ...
43 ممالک افغانستان اور مشرق وسطیٰ کا مسئلہ حل نہیں کرسکے ،پاکستان نے تنہا دہشتگردوں کا قلع قمع کردیا، افغان سرحد پر باڑ لگا کر رہیں گے : ایئر چیف

  


اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ 43 ممالک مل کر بھی افغانستان اور مشرق وسطیٰ کا مسئلہ حل نہیں کرسکے لیکن پاکستان نے تنہا دہشتگردوں کا قلع قمع کردیا۔ افغانستان کی سرحد پر باڑ لگا کر رہیں گے اور اس سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

پاک فضائیہ کے ایئر شو کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف سہیل امان نے کہا کہ چین سمیت تمام دوست ممالک ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیں اس پر فخر ہے۔ وہ ملک جس میں تخلیق کے وقت صرف 2 جہاز تھے آج اس کے پاس جے ایف 17 تھنڈر طیارے ہیں، ذہانت کے لحاظ سے پاکستان چوتھے نمبر پر ہے، پوری دنیا میں پاکستانی ٹیلنٹ فرنٹ فٹ پر حصہ لے رہا ہے، یہ بہت خوبصورت ملک ہے جس نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے، ترقی کی منازل طے کرنے کا صرف ایک راستہ ہے اور وہ راستہ حصول علم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے معاملے کو سمجھنے کی ضرورت ہے، کیا 43 ممالک مل کر افغانستان یا مشرق وسطیٰ کے مسئلے کو حل کر سکے؟ یہ پاکستان پر ہی اللہ کا کرم ہے کہ پوری قوم دہشتگردوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی اور آج ہم نے دہشتگردوں کا انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ کردیا ہے۔

ایئر چیف نے دوٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا کہ ’وہ لوگ افغانستان میں اپنے مسائل کو خود حل کرلیں تو بہتر ہے، ہم بارڈر پر بارڈ لگا کر رہیں گے اور اس سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے‘۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کے موقع پر ہم ان شہدا کی قربانیوں کو نہیں بھولیں گے جن کی بدولت ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں ، اور انہی قربانیوں کی بدولت ہم نے دہشتگردی کا قلع قمع کردیا ہے۔

مزید : قومی /اہم خبریں


loading...