آج پاکستا ن کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے قائد کے افکار اور دو قومی نظریہ کو سمجھنے کی ضرورت ہے : سردار شیر علی خان گورچانی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے قوم کو 70 ویں یوم آزادی پر مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ آج پاکستا ن کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے افکار کے مطابق بھرپور محنت کرنا ہو گی تاکہ عالمی سطح پرپاکستان کا نام بلند ہونے کے ساتھ ساتھ عزت و وقار کی علامت ہو،آج وقت کی ضرورت ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو پاکستان کے حصول کا مقصد سمجھائیں تا کہ وہ دو قومی نظریہ کو جان سکے۔
وہ ان خیالات کا اظہار پنجاب اسمبلی میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ 14 اگست ہماری قومی تاریخ کا انتہائی اہم دن ہے۔اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد تحریک پاکستان کے شہداء کی قربانیوں کو یاد کرنا اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنا ہے ۔برصغیر کے مسلمانوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں علیحدہ وطن کے حصول کے لئے تاریخی جدوجہد کی تھی اورپاکستان لاکھوں مسلمانوں کی لازوال قربانیوں اور عظیم جدوجہد کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملکی ترقی و استحکام کے لیے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ آج پاکستا ن کو ترقی کی راہ پر گاذن کرنے کے لئے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے افکار کے مطابق بھرپور محنت کرنا ہو گی تاکہ عالمی سطح پرپاکستان کا نام بلند ہونے کے ساتھ ساتھ عزت و وقار کی علامت ہو۔آج وقت کی ضرورت ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو پاکستان کے حصول کا مقصد سمجھائیں تا کہ وہ دو قومی نظریہ کو جان سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور قائداعظم محمد علی جناح کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر تمام بحرانوں سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات کے مطابق پاکستان کی ترقی کے لئے عمل پیرا ہیں اور عوام کو پورا یقین ہے کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں اب پاکستان موجودہ تمام بحرانوں سے باہر نکالے گا ۔