پاکستان کی خوشحالی کیلئے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک کی خدمت کریں: ڈاکٹر ظفر معین ناصر
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا ہے کہ ملک کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کے نظریات کے مطابق ڈھالنے کیلئے ضروری ہے کہ قوم ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کرپاکستان کی خدمت کرے، خالق کائنات نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل اور خوبصورتی سے نواز رکھا ہے۔
وہ پاکستان کے 70ویں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن علامہ اقبال (اولڈ) کیمپس میں منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ وہ اقوام جو اپنے وطن کے بارے مخلصانہ سوچ رکھتے ہوئے کام کرتی ہیں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خالق کائنات نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل اور خوبصورتی سے نواز رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ حب الوطنی کا تقاضا کہ ہم بطور قوم اس خوبصورتی میں اضافے کیلئے کام کریں۔ انہوں نے پاکستان کی آزادی کیلئے عظیم قربانیاں دینے افراد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں طلباؤ طالبات کی جانب سے شرکاء کا لہو گرمانے اور جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کرنے کیلئے ملی نغمے پیش کئے گئے۔ بعد ازاں وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے پرانے ہال کی دوبارہ تزئین و آرائش کے بعد افتتاح کیا۔اس موقع پر جشن آزادی کے سلسلے میں اولڈ ہال میں مشاعرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معروف شعراء نے اپنے اشعار کے ذریعے سے ملک سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔