جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے ہوم ورک مکمل ‘ عوام کی محرومیاں ختم کرنیکا تہیہ کر لیا‘ شاہ محمود قریشی کا ارکان اسمبلی سے خطاب ‘ عشائیہ میں بھی صلاح مشورے‘ مستقبل کی حکمت عملی پر غور

جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے ہوم ورک مکمل ‘ عوام کی محرومیاں ختم کرنیکا تہیہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان(نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حالیہ الیکشن میں عوام نے روایتی سیاست کو مسترد کردیا۔ پیپلز پارٹی کو پنجاب سے 6جبکہ ن لیگ کے ساتھ کانٹے دار مقابلہ ہوا۔ پنجاب میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئے ہیں۔ تحریک انصاف حالیہ انتخابات میں ملک کی سب سے بڑی جماعت اُبھر کر سامنے آئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام کے شکر گزار ہیں۔ کہ انہوں نے ہم پر اعتماد کیا۔ ہمارے سامنے بہت بڑے چیلنجز ہیں۔ ہم عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ ہمیں عوامی مسائل پر غور کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا تنقید اپوزیشن کا حق ہے اور مثبت تنقید جمہوریت کا حسن ہے۔ اپوزیشن کے حقوق کا احساس ہے۔ اور اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ آج نئی پارلیمنٹ کا پہلا روز ہے اور توقع ہے نئی پارلیمنٹ قانون سازی کے حوالے سے عوام کے اعتماد کے مطابق کام کرے گی۔ انہوں نے کہا میرے لئے بہت خوشی کا مقام ہے کہ میں اپنے بیٹے سمیت قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے جا رہا ہوں۔ اور یہ غیر معمولی بات ہے کہ ایک باپ اور ایک بیٹا اکٹھے قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے جا رہے ہیں۔ پاکستان کی عوام نے 4افراد کو حالیہ انتخابات میں کامیاب کرکے اسمبلی میں بھیجا ہے۔ سندھ کے عوام نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو جبکہ ملتان کے پنجاب کی عوام نے مجھے اور میرے بیٹے کو ایک ساتھ قومی اسمبلی میں بھیجا ہے۔ جس کیلئے اہل پنجاب اور بلخصوص اہل ملتان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت میں آتے ہی 100روزہ ایجنڈے پر عمل درآمد کروائیں گے۔ 100روزہ ایجنڈا ہم نے اس لئے رکھا تاکہ پتہ چلتا رہے کہ ہم اپنے منشور کے مطابق چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں گے۔ دریں اثناء مخدوم شاہ محمود قریشی نے گزشتہ سے پیوسہ شب اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں جنوبی پنجاب کے تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے نومنتخب اراکین قومی اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ جس میں 31اراکین قومی اسمبلی نے شرکت کی۔ اس موقع پر مخدوم شاہ محمود قریشی ۔ سید فخر امام ۔ ملک عامر ڈوگر ودیگر اراکین نے خطاب کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نومنتخب اراکین کو مبارک باد دی۔ انہیں پارٹی کے مستقبل کے لائحہ عمل ، قومی اسمبلی کی حلف برداری ، سپیکر ، ڈپٹی سپیکر اور وزیراعظم کے انتخاب بارے بریفنگ دی۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا جنوبی پنجاب کے عوام نے تحریک انصاف پر اعتماد کیا ہے اور جنوبی پنجاب میں تحریک انصاف نے کلئین سوئپ کیا ہے۔ اب ہمارا فرض ہے کہ اپنے وعدے کے مطابق جنوبی پنجاب کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف حکومت بنانے کے فوراً بعد جنوبی پنجاب صوبے کی تشکیل کے حوالے سے ہوم ورک شروع کرے گی۔ جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کاحق دیا جائیگا۔ یہاں کے عوام کی محرومیاں دور کی جائینگی۔