فیصلے ووٹ کی پرچی سے ہوں گے ، پاکستان کے نمائندے وہی ہوں گے جنہیں ووٹر ز منتخب کریں گے: صدر مملکت

فیصلے ووٹ کی پرچی سے ہوں گے ، پاکستان کے نمائندے وہی ہوں گے جنہیں ووٹر ز منتخب ...
فیصلے ووٹ کی پرچی سے ہوں گے ، پاکستان کے نمائندے وہی ہوں گے جنہیں ووٹر ز منتخب کریں گے: صدر مملکت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا ہے کہ جس طرح یہ ملک عوام کی جدوجہد سے وجود میں آیا تھا اسی طرح اس ملک کی قسمت کے فیصلے بھی ووٹ کی پرچی سے ہوں گے ، پاکستان کے نمائندے وہی ہوں گے جنہیں ووٹر ز منتخب کریں گے،اداروں کو بااختیار بنانا ناگزیر ہے۔
جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان ایک احساس ، ایک خوشبو اور ایک عقیدہ ہی نہیں بلکہ ہماری پناہ گاہ ہے جس کی آغوش میں ہم ہر لمحہ اور ہر دن آزادی کا لطف اٹھاتے ہیں لیکن ان ایام کے دوران ایک دن ایسا بھی ہے جو سب سے زیادہ خوشگوار ہے۔ یہ وہی دن ہے جسے 14 اگست کہتے ہیں جس دن اپنے پرچم کو مزید بلند کرنے کی لگن بڑھ جاتی ہے، اس اعتبار سے یہ حقیقی جشن کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بار یوم آزادی اور انتخابات تقریباً ساتھ ساتھ آئے ہیںگویا یہ ایک طرح کی یاد دہانی ہے کہ جس طرح یہ ملک عوام کی جدوجہد سے وجود میں آیا تھا اسی طرح اس ملک کی قسمت کے فیصلے بھی ووٹ کی پرچی سے ہوں گے ، پاکستان کے نمائندے وہی ہوں گے جنہیں ووٹر ز منتخب کریں گے، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ قانون وہی مناسب ہوگا جسے ان کے چنے ہوئے لوگ پوری ایمانداری سے بنائیں، ابتدائے آفرینش سے صرف وہی قانون کامیاب ہوسکا جس کی تشکیل عوام کی مرضی سے ہوئی۔ میری دعا ہے کہ اللہ نیک نیتی کے ساتھ کاروبار مملکت سنبھالنے والوں کی رہنمائی فرمائے اور پاکستان کی خدمت کرنے والوں کیلئے آسانیاں ہوں۔پاکستان بنانے والے بزرگوں اور آج کی نوجوان نسل کے درمیان فاصلہ حائل ہے لیکن یہ امر باعث اطمینان ہے کہ یہ نوجوان نسل وطن کو آگے لے جانے کے لیے جوش عمل سے مالا مال ہے۔
صدر ممنون حسین نے کہا قیام پاکستان کا مقصد یہ تھا کہ انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے نکالا جائے تاکہ بندگان خدا اپنی زندگی آزادی سے گزار سکیں، ہم ابھی مکمل طور پر اپنی منزل پر نہیں پہنچ سکے، اس اعتراف کے ساتھ ان وجوہات پر غور کرنے کی بھی ضرورت ہے جن کی وجہ سے ہم اپنی منزل تک نہیں پہنچ سکے۔ جب تک قومی مقاصد کے بارے میں مکمل یکسوئی پیدا نہیں ہوجاتی ہم منزل حاصل نہیں کرسکتے، سربراہ مملکت سے لے کر ایک کسان اور گلی کوچوں میں کام کرنے والے محنت کش کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس طرح سے کام کرے کہ پاکستان کے وجود کے بارے میں ہر قسم کے شکوک رفع ہوجائیں۔
صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ کچھ عرصے قبل حکومت اور حزب اختلاف نے انتہائی عرق ریزی کے ساتھ انتخابی اصلاحات تیار کیں جن کے نتیجے میں الیکشن کمیشن کو وسیع ترین اختیارات دیے گئے، اداروں کو اسی طرح بااختیار بنانا ناگزیر ہے اگر مختلف حلقوں کی جانب سے بے اطمینانی محسوس کی جائے تو یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسے رفع کرے کیونکہ ایک آزاد خودمختار پاکستان کی آرزو صرف اسی صورت میں ہوسکتی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ حالیہ انتخابات اس لیے بھی مشکل تھے کیونکہ اس دوران ملک کے بعض حصوں میں دہشتگردی کے پے درپے واقعات رونما ہوئے۔ ہم پاکستان کی قوم کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے قربانیوں کے باوجود انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا۔ ملک کیلئے جانیں قربان کرنے والے فرزندان وطن کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔ جشن آزادی کے موقع پر فرزندان کشمیر کی قربانیوں کو محبت کے ساتھ یاد کرتے ہیں اور اقوام عالم سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بہادر کشمیری عوام کی اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ ہم جدوجہد آزادی کی حمایت اور بدترین مظالم کی مذمت کرنے والے عالمی رہنماﺅں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں عالمی رہنما اپنے ضمیر کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے صدائے حق بلند کریں۔