خورشیدشاہ کے سپیکر کیلئے کاغذات نامزدگی جمع ،میں نے ہمیشہ پارلیمنٹ کی سیاست کی،امید ہے ارکان ووٹ کا فیصلہ حقائق کومدنظر رکھ کر کریں گے :رہنما پیپلز پارٹی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اپوزیشن اتحاد کےنامزد کردہ امیدوار پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نےسپیکر قومی اسمبلی کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں ،خورشیدشاہ کی جانب سے 5کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے،خورشید شاہ پی پی پی، مسلم لیگ(ن)ایم ایم اےسمیت اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ہیں جن کے تجویز کنندہ نوید قمر تھےجبکہ ڈپٹی سپیکر کے لئے متحدہ اپوزیشن نے مولانا فضل الرحمن کے صاحبزادے مولانا اسد محمود کو نامزد کیا ہے۔
کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشیدشاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپیکر کسی ایک جماعت کا نہیں پارلیمنٹ کاہوتا ہے،میں نے 30 سال ہمیشہ پارلیمنٹ کی سیاست کی اورسب کے ساتھ تعلق ہے۔اپوزیشن اتحاد کے نامزد سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ایسے سپیکر کی ضرورت ہے جو سب کو ساتھ لیکر چلے ،امید ہے ارکان ووٹ کا فیصلہ حقائق کومدنظررکھ کر کریں گے ۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اسد قیصر نے سپیکر جبکہ پی ٹی آئی کے ہی قاسم سوری نے ڈپٹی سپیکر کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ،اب تک انہیں چار امیدواروں نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں جن کی پہلے جانچ پڑتال کی جائے گی اور پھر کل (15 اگست کو )سپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے الیکشن منعقد ہوں گے جس کے بعد وزیرِاعظم کو منتخب کرنے کا مرحلہ شروع ہوگا۔یاد رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف قومی اسمبلی کی سب سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور خواتین اور اقلیتوں کی نشستوں کے ساتھ اس کے کل اراکین کی تعداد 158 ہوگئی ہے۔