پاکستانیوں نے اب تک ڈیم فنڈ میں کتنی رقم جمع کرادی؟جواب آپ کے تمام اندازے غلط ثابت کردے گا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے دیامیر اور بھاشا ڈیم کے لیے قائم کیے گئے اکاونٹ میں رقوم کے جمع ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک پچاسی کروڑ اڑتالیس لاکھ دس ہزار نو سو تئیس روپے جمع ہو چکے ہیں۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق، سپریم کورٹ آف پاکستان دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈمیں 9 اگست کو 87.4 ملین روپے، 8 اگست کو 63.4 ملین روپے اور 6 اگست کو 44.9 ملین روپے جمع ہو چکے تھے اور فنڈز میں وصول کردہ کل عطیات مختلف عوامی اور تجارتی نمائندوں اور بینکوں کے ذریعے جمع کرائے گئے ہیں۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ پچاسی کروڑ اڑتالیس لاکھ دس ہزار نو سو تئیس روپے بینکوں کی منتقلی، شاخوں اور موبائل فون ایس ایم ایس سروس کے ذریعہ جمع کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ جسٹس ثاقب نثار نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے قائم کیے گئے فنڈ میں دس لاکھ روپے جمع کرائے تھے جبکہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے ڈیم کی تعمیر کے لیے 15، 15 لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ڈیمز کی تعمیر کے لیے بینک ملازمین نے اور پاک فوج کے اہلکاروں نے ایک روز جبکہ پاک فوج کے افسروں نے تین روز کی تنخواہ جمع کرانے کا اعلان کیا تھا۔