ملک بھر میں ایک ہی آواز کشمیر بنے گا پاکستان،یکجہتی ریلیاں بھارت مخالف مظاہرے

 ملک بھر میں ایک ہی آواز کشمیر بنے گا پاکستان،یکجہتی ریلیاں بھارت مخالف ...

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھرمیں کشمیری بہن بھائیوں کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلیوں کے دوران بلند شگاف نعرے لگائے گئے، نعروں میں ”کشمیر بنے گا پاکستان“ کے نعرے لگے۔اس دوران کشمیریوں بہن، بھائیوں کی جدوجہد کو سلام پیش کیا گیا۔دنیا نیوز کے مطابق کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے قبائلی بھی میدان میں آ گئے، عید کے دوسرے روز مظلوم کشمیری عوام پر مظالم کے خلاف جنوبی وزیرستان میں مختلف مقامات پر ریلیاں نکالی گئیں۔بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے خلاف مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جنوبی وزیرستان کے قبائلی عوام نے مختلف مقامات پر ریلیوں کا انعقاد کیا جس میں قبائلی مشران سمیت نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ کشمیر بنے گا پاکستان اور بھارت مخالف بلند شگاف نعرے لگائے۔مظاہرین میں موجود قبائلیوں کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کشمیریوں کی آزادی کے لئے ہم نے قربانی دی اور اب بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ قبائلی عوام پاک فوج اور کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے، پاک فوج کے ایک ہی اشارے پر خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔دوسری طرف پشاور سمیت دیگر علاقوں سے آئے نو جوانوں نے کشمیری بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے گاڑیوں پر شہر کا چکر لگایا۔ سندھ کے ضلع کندھ کوٹ میں کندھ کوٹ امن کمیٹی کی جانب سے کو کشمیر سے یکجہتی کیلئے جشن آزادی ریلی نکالی گئی، ریلی پریس کلب سے ٹاور چوک تک نکالی گئی، ریلی میں شہریوں سمیت ہندو برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔دریں اثناء بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں اور بھارت مخالف نعرے لگائے گئے۔

ریلیاں /مظاہرے

مزید : صفحہ آخر