یوم آزادی کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منائیں گے: راولپنڈ ی چیمبر

یوم آزادی کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منائیں گے: راولپنڈ ی چیمبر

راولپنڈی (کامرس ڈیسک) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری  کے صدر ملک شاہد سلیم نے کہا ہے کہ تاجر برادری یوم آزادی کو یوم یک جہتی کشمیر کے طور پر منائے گی، یوم آزادی کو یک جہتی کشمیر منانے کا مقصد کشمیری بھائیوں کو یقین دلانا ہے کہ پاکستان کی تاجر برادری مشکل کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ اسلامی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ یوم آزادی کے موقع پر  تاجر برادری کے نام ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرت کا انمول تحفہ ہے۔ عالمی افق پر پاکستان کا حقیقی امیج اجاگر کرنے کے لیے چیمبر اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گابزنس کمیونٹی ارضِ پاک اور مقدس سر زمین کی محبت میں کسی سے پیچھے نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دن کاروباری برادری عہد کرتی ہے کہ پیارے وطن پاکستان کے لئے وقت آنے پر کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اس کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر میں چودہ اگست کے موقع پر ایک رنگا رنگ تقریب منعقد کی جائے گی جس میں پرچم کشائی کی جائے گی اور کیک بھی کاٹاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر پرچم کشائی کی تقریب راولپنڈی چیمبر کی ایک پرانی روایت ہے اور اس دن کے منانے کا مقصد کاروباری برادری کی طرف سے یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی کے لیے تاجر برادری متحد ہے اور مل کر ارض وطن کی سر بلندی کے لیے انتھک محنت جارے رکھے گی۔ 

مزید : کامرس