پاکستان کا 72واں یوم آزادی آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جائیگا 

    پاکستان کا 72واں یوم آزادی آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا ...

  

اسلام آباد(اے این این) پاکستان کا 72واں یوم آزادی آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا،وزیر اعظم عمران خان مظفر آباد کا دورہ،آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سےٓ خطاب کریں گے،وفاق میں دن کا آغاز31صوبوں میں 21،21توپوں کی سلامی سے ہوگا،مساجد میں ملک کی ترقی،خوشحالی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے دعائیں کی جائیں گی،8بجکر58منٹ پر ایک منٹ کی خاموشی  ہوگی،ملک بھر میں سیمینارز،ریلیوں اور پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد ہوگا، پاکستان کے ساتھ کشمیر کا پرچم لہرایا جائے گا،کیک کاٹے جائیں گے،قائد اعظم اور شاعر مشرق کے مزارات پر گارڈز کی تبدیلی ہو گی۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر اور آزاد کشمیر میں 72واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا۔دن کا آغاز  فیصل مسجد سمیت ملک بھر کی مساجد میں ملک کی ترقی،استحکام اور خوشحالی سمیت مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے دعاؤں کے ساتھ ہوگا۔اذان فجر کے بعد وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی حکومتوں میں 21,21توپوں کی سلامی دی جائے گی۔صبح8بجکر 58منٹ پر سائرن بجائے جائیں گے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی  جائے گی جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا جائے گا۔یوم پاکستان کی مناسبت سے ملک کے چھوٹے بڑے شہروں اور دیہی علاقوں،سرکاری اور نجی سکولوں میں سیمینارز کے ساتھ ریلیوں اور مظاہروں کا انعقاد کیا جائے گا۔ مختلف سیاسی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے سیمینارز اور کیک کاٹنے کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ملک بھر میں سرکاری اور نجی عمارتوں میں قومی پرچم لہرایا جائے گا۔اس بار مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کی متنازعہ قانون سازی اور وادی میں مظالم کیخلاف احتجاج اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے قومی پرچم کے ساتھ کشمیر کا جھنڈا لہرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ملک میں سرکاری طور پر پرچم کشائی کی تقریبات ہوں گی۔مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے باعث یوم آزادی سادگی کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف کی یکجہتی کشمیر ریلی کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں،کشمیر بنے گا پاکستان' کا نعرہ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔یوم آزادی کے سلسلے میں اسلام آباد کی مرکزی شاہراہیں پاکستان اور کشمیر کے پرچموں سے سجائی جا رہی ہیں۔ شہریوں نے بھی چودہ اگست کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے منسوب کرنے کے حکومتی فیصلے کی تائید کی ہے۔تحریک انصاف کی جانب سے راولپنڈی کے لیاقت باغ سے ڈی چوک تک کشمیر ریلی نکالی جائے گی۔ 

 یوم آزادی

مزید :

صفحہ اول -