امریکی حکومت کا امداد لینے والے تارکین وطن کو گرین کارڈ نہ دینے کا اعلا ن

  امریکی حکومت کا امداد لینے والے تارکین وطن کو گرین کارڈ نہ دینے کا اعلا ن

  

واشنگٹن(اظہر زمان، بیوروچیف) ٹرمپ انتظامیہ نے پیر کے روز تارکین وطن کیلئے انتہائی سخت اقدام اٹھاتے ہوئے نئے قوانین کا اعلان کیا ہے جن کے مطابق ایسے تمام درخواست گزاروں کو گرین کارڈ نہیں ملے گا جو حکومت سے امداد حاصل کرتے ہیں۔ حکومت اس وقت کم آمدنی والے افراد کو فوڈ سٹمپس کی صورت میں خوراک کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ وفاق اور ریاستوں کی طرف سے مفت میڈیکل انشورنس اور گھروں کی خریداری میں نقد امدادی رقم دیتی ہے۔ امیگریشن کے شعبے کی طرف سے وضع کئے گئے نئے قوانین کے تحت لاکھوں امیدوار متاثر ہوں گے جنہوں نے دیگر شرائط پوری کرنے کے بعد گرین کارڈ کیلئے درخواست دے رکھی ہے۔ وفاقی قانون کے تحت گرین کارڈ حاصل کر کے مستقل رہائش اختیار کرنے والوں سے تقاضاکیا جاتا ہے کہ وہ کبھی امریکہ پر بوجھ نہیں بنیں گے لیکن اس کا کوئی طریق کار وضع نہیں کیا گیا تھا۔ اب ان نئے ضوابط کے اطلاق کے بعد نئے درخواست گزار سرکاری سہولتیں حاصل کرنے کی صورت میں گرین کارڈ کے حصول کیلئے نااہل قرار پائیں گے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں امیگریشن سسٹم کا از سرنو جائزہ لے کر قوانین اور ضوابط کو سخت بنایا جا رہا ہے۔ اس وقت ٹرمپ انتظامیہ کا زیادہ تر زور غیر قانونی تارکین وطن پر چھاپے مار کر ملک بدر کرنے پر ہے۔ اسی پالیسی کے تحت مسی سپی میں ان افراد کو اپنے بچوں سے الگ کر کے ملک بدر کرنے کیلئے پکڑا گیا ہے جو قانونی طور پر امریکہ داخل ہوئے تھے مگر اب مستقل رہائش کے خواہاں ہیں۔ امریکی قانون کے تحت امریکہ میں پیدا ہونے والے بچے امریکی شہری تصور ہوتے ہیں اس لئے وہ امریکہ میں رہ سکتے ہیں تاہم ان کے والدین کو جو اضافی قیام کے باعث غیر قانونی ہو گئے ہیں ملک بدر کیا جا رہا ہے۔ بچوں کو والدین سے الگ کرنے کی ان کارروائیوں کے خلاف انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے احتجاج کیا جاتا رہا ہے لیکن ان کے معاملے میں حکومت نے کوئی نرمی نہیں برتی۔ نئے قوانین کے تحت گرین کارڈ کی درخواستوں کے بارے میں فیصلہ کرنے کیلئے یہ دیکھا جائے گا کہ کیا وہ سرکاری امداد اور سہولتوں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور ان کی تعلیم، آمدنی اور صحت کی صورتحال کیسی ہے؟ سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز کے قائم مقام ڈائریکٹر نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ نئے ضوابط نافذ کرنے کا مقصد اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ گرین کارڈ امریکی معیشت پر بوجھ نہ بنیں اور اس کیلئے ان کا صرف ٹیکس ادا کرنا کافی نہیں ہے۔

امریکہ/اعلان

مزید :

صفحہ اول -