شب جشن آزادی،ملک بھر کی فضاء کشمیر بنے گا پاکستان سے گونج اٹھی

شب جشن آزادی،ملک بھر کی فضاء کشمیر بنے گا پاکستان سے گونج اٹھی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کرائم رپورٹر) ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت میں رات 12 بجتے ہی جشن آزادی منانے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی۔ جشن آزادی کے نعروں کیساتھ ساتھ "کشمیر بنے گا پاکستان" کے نعرے بھی شہر کی سڑکوں پر گونجتے رہے۔منچلوں نے جشن آزاد ی منانے کیلئے موٹرسائیکلوں کے سلینسر اتار رکھے تھے جبکہ نوجوان ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالتے رہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں آزادی کا جشن منانے کیلئے آتش بازی کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر 4 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو مختلف شاہراہوں پر تعینات کیا گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق رات 12 بجتے ہی جشن آزادی منانے کیلئے فیملیز اور منچلوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی۔ شہر ی گاڑیوں موٹرسائیکلوں رکشوں اور منی ٹرکوں پر سوار ہو کر رات بھر شاہراہوں پر جشن مناتے رہے۔ پاکستان زندہ باد کیساتھ ساتھ شہری کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگاتے رہے۔ منچلوں نے اپنی موٹر سائیکلوں کے سائلنسر اتار رکھے تھے جبکہ کچھ نوجوان ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے اور گاڑیوں کو شاہراہوں کے درمیان کھڑی کر کے گانوں کی دھنوں پر رقص کرتے رہے، جس سے مال روڈ جیل روڈ گلبرگ ڈیفنس, اقبال ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ اس موقع پر پولیس اور منچلوں کے درمیان ہاتھا پائی اور لڑائی جھگڑے کے مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ شہریوں نے جشن آزادی منانے کیلئے مختلف جگہوں پر پر آتش بازی کا انتظام بھی کیا ہوا تھا جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے واقعات بھی رونما ہوئے۔ڈی آئی جی آپریشن اشفاق احمد کے حکم پر سکیورٹی انتظاما ت کیلئے 4 ہزار سے زائد اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔تمام ڈویڑنل ایس پیز فیلڈ میں رہ کر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے رہے ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ون ویلنگ اور فیملیز کو تنگ کرنیوالے منچلوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔کسی شہری کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجاز ت نہیں دی جاسکتی قانون کے دائرے میں رہ کر شہری آزادی کا جشن منائیں،پولیس اور منچلوں کے درمیان ہاتھا پائی اور لڑائی جھگڑوں کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا اور شہری رات گئے تک سڑکوں پر جشن آزادی مناتے رہے۔ سی ٹی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ لیاقت علی ملک کے حکم پر ٹریفک کی روانی قائم رکھنے کیلئے اضافی وارڈنز کی نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔
شب آزادی

مزید :

صفحہ اول -