لاہور آرٹس کونسل الحمراء میں آج یوم آزادی کی متعددتقریبات کااہتمام

لاہور آرٹس کونسل الحمراء میں آج یوم آزادی کی متعددتقریبات کااہتمام

لاہور(فلم رپورٹر)لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں 72ویں یوم آزادی پاکستان کو قومی جذبے اور ملی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔آزادی کی خوشیوں میں عوام کا شامل کرنے کے لئے رنگا رنگ تقریبات کا سلسلہ آج پورا دن جاری رہے گا۔آج تقریبات کا آغاز پرچم کشائی سے ہوگا،ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی کی دعائیں کی جائیں گی۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا اطہر علی خان اپنے ہاتھوں سے پرچم کشائی کریں گے۔تقریب میں قائدین پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جائے گا،ان لازوال قربانیوں کو یاد کیا جائے گا جن کی بدولت وطن عزیز پاکستان حاصل ہوا۔اس موقع پر نوجوان آرٹسٹوں کے مابین ترانوں،تقاریر اور ثقافتی پرفارمنس کے مقابلہ ہوں گے جس سے اقوام عام میں قومی یکجہتی کا پیغام پہنچے گا۔بینڈ شو، بینڈ پرفارمنس کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا،آزادی واک میں آرٹسٹ شرکت کرکے ملک وقوم کے ساتھ اپنی محبت کا اظہار کریں گے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ 72واں یوم آزادی اس عہد کا دن ہے کہ مملکت خداداد کا ہر فرد،ملک و قوم کے لئے ترقی و خوشحالی کا وسیلہ بنے گا،مفکرپاکستان علامہ اقبال،بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور دیگر قائدین کی راہنمائی اور جذبہ پاکستان کی تکمیل کا باعث بنا۔ جن کی عظمتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ مقابلہ مصوری اور تصویری نمائش میں تحریک آزادی کی جد و جہد کو نوجواددنوں کے سامنے پیش کیا جائے گا،عینک والا جن،پتلی تماشہ،تعلیم اور ڈرامہ الہ دین بھی تقریبات کا حصہ ہونگے ان ڈراموں میں شرکت کرنے والے بچوں میں جھنڈیاں،بیجز،ٹوپیاں ٹی شرٹس اور عینکیں تقسیم کی جائیں گی۔ملی نغموں سے سجا پروگرام آزادی میوزک شو الحمرا ہال نمبر ایک کے پوڈیم پر پیش کیا جائے گا۔عوام کو الحمرا آرٹس کونسل کے آزادی کے پروگراموں میں شرکت کے لئے دعوت عام ہے،الحمرا میں گزشتہ دو ہفتوں سے یوم آزادی کی تقریبات جاری ہیں جن میں کثیر تعداد میں عوام حصہ لے رہیں ہیں اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے یوم آزادی کے موقع پربھی عوام الحمرا کے پروگرامز میں شریک ہوں گے۔

مزید : کلچر