کاروباری طبقہ حکومت کی مکمل کامیابی چاہتا ہے: ایس ایم منیر

کاروباری طبقہ حکومت کی مکمل کامیابی چاہتا ہے: ایس ایم منیر

اسلام آباد (اے پی پی)  یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ اور وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) کے سابق صدرایس ایم منیر نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی موجودہ حکومت کی مکمل کامیابی چاہتی ہے اور وزیراعظم عمران خان ملکی معیشت کے استحکام کیلئے بھرپور جدوجہد بھی کررہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز یہ بات اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر گفتگو میں کہی۔ عشائیہ میں سینیٹر عبدالحسیب خان، ریاض الدین شیخ، نوراحمدخان، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر زبیرطفیل، سابق سینئرنائب صدور مظہر علی ناصر، خالدتواب، سابق نائب صدور گلزارفیروز، حنیف گوہر، شکیل ڈھینگڑا، ممتاز شیخ اور دیگر بھی موجود تھے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی نے ملک بھر کی کاروباری برادری کے مسائل حل کرانے کا عزم کررکھا ہے اور گزشتہ 5 انتخابات میں یو بی جی کے پلیٹ فارم سے کامیاب ہونے والے فیڈریشن کے عہدیداران نے مسائل حکومت تک پہنچا کر انہیں حل کرانے کی بھرپور جدوجہدکی ہے اور مجھے اور ہمارے چیئرمین افتخار علی ملک کواس بات پر فخر ہے کہ ہم نے مسلسل پانچ سال ایف پی سی سی آئی کو بہترین ٹیم دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں بھی ملکی تاجراورصنعتکارکاروبار جاری رکھتے ہوئے ایک طرح سے جہاد کررہے ہیں، اشد ضرورت اس بات کی ہے کہ فیڈریشن چیمبر آف کامرس مضبوط ہاتھوں میں رہے تاکہ فیڈریشن کا اثاثہ محفوظ رہے اور بلاشبہ فیڈریشن آہنی ہاتھوں میں ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کا حکومت کے ساتھ بہترین اور مضبوط رابطہ ہے، عمران خان ایماندار شخص ہیں کیونکہ شوکت خانم ہسپتال کی وجہ سے میری ان سے پرانی وابستگی ہے اور مجھے بخوبی علم ہے کہ انہوں نے پیسے کا غلط استعمال نہیں کیا اور وہ ملک کے معاشی حالات بھی مستحکم بنا کر دم لیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہمارے گروپ کی کامیابیوں کی بڑی وجہ یہ ہے کہ میرے چیئرمین افتخار علی ملک اور ہماری ٹیم کے کسی بھی فرد نے کوئی بھی فیصلہ ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر نہیں کیا بلکہ اجتماعی فیصلوں کو ترجیح دی اور ہم تمام تر انتخابات میں ووٹوں کے ذریعہ جیتے ہیں، ہمیں ملک کو سماجی اوراقتصادی لحاظ سے مستحکم بنانے کے لئے بھرپورکوششیں کرناہوں گی جبکہ ایک مستحکم معاشرے کا قیام بھی ضروری ہے جہاں کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کے مطابق ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں، ہم نوجوانوں کے ہاتھوں میں فیڈریشن کی قیادت دینے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ وہ ملک کی کاروباری برادری کے مسائل کو سمجھ کر انہیں سرکاری سطح پر حل کرانے کی جدوجہد کرسکیں۔

مزید : صفحہ اول