اوسلوں کی مسجد میں حملہ ناکام بنانیوالا پاک فضائیہ کا ریٹا ئرڈاہلکارنکلا

    اوسلوں کی مسجد میں حملہ ناکام بنانیوالا پاک فضائیہ کا ریٹا ئرڈاہلکارنکلا

اوسلو(اے این این) ناروے کے دارالحکومت اوسلو کی مسجد پر حملہ کرنیوالے مسلح شخص کو قابو کرنیوالے 65سالہ معمر شخص پاکستان ائیر فورس کے ریٹائرڈ اہلکار نکلے۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کی شب اوسلو کی مسجد النور میں ایک 21سالہ سفید فام حملہ آور عقبی دروازے سے داخل ہوا جو جدید اسلحہ سے لیس تھا،اسوقت مسجد میں تین افراد موجود تھے جن میں 65سالہ پاکستانی محمد رفیق بھی شامل تھے جو قرآن پاک کی تلاوت میں مشغول تھے۔محمد رفیق نے جب فائرنگ کی آواز سنی تو فوری الرٹ ہوگئے اور حملہ آور کی طرف دوڑے۔ انہوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر حملہ آور کو دبوچ لیا اور غیر مسلح کردیا اورپولیس کے آنے تک حملہ آور کو دبوچے رکھا پولیس کے آنے پر حملہ آور دہشتگرد کوان کے حوالے کیا۔محمد رفیق نے بتایا حملہ آور نے مزاحمت کے دوران اپنی انگلی ان کی آنکھ میں کافی اندر تک ڈال دی تھی تاہم وہ محفوظ رہے۔نارویجین پولیس نے محمد رفیق کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ہیرو قرار دیا ہے۔ناروے کی پولیس نے 21 سالہ سفید فام فلپ منشاس پر دہشتگردی کا الزام عائد کر کے اسے عدالت میں پیش کردیا ہے، استغاثہ کی درخواست پر عدالت نے اسے مزید 4 ہفتے پولیس کی حراست میں رکھنے کی اجازت دیدی ہے۔پولیس کو فلپ کے گھر سے اسکی 17سالہ سوتیلی بہن کی بھی لاش ملی ہے اور اس پر قتل و اقدام قتل کے چارجز لگائے گئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے ممکنہ طور پر ملزم انتہائی دائیں بازو کے نظریات کا حامی اور مہاجرین کیخلاف نفرت انگیز جذبات رکھتا ہے۔خیال رہے نیوزی لینڈ میں بھی مسجد پر فائرنگ کا اسی طرح کا واقعہ رواں برس مارچ میں پیش آیا تھا جس میں 50نمازی شہید اور 39 زخمی ہوگئے تھے۔

اوسلو مسجد حملہ

مزید : پشاورصفحہ آخر