پنجاب حکومت کا عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے نیاپروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کا عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے نیاپروگرام شروع کرنے ...

  

لاہور/سرگودھا(جنرل رپورٹر،بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ صوبے میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے نیا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا،شہریوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی ضروریات مہیا کرنے کیلئے پروگرام پر مجموعی طورپر25ارب روپے خرچ ہوں گے، جس کے تحت شہروں اور دیہات میں صفائی کے نظام،پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا،غیر فعال واٹر سپلائی سکیموں اورغیر فعال سیوریج سکیموں کو بحال کیاجائے گا جبکہ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ضروری مشینری خریدی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اجلاس میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے پروگرام پر عملدر آمد کے حوالے سے متعلقہ امور جلد طے کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے ہر شہر اوردیہات کی ترقی چاہتا ہوں اوررواں مالی سال کے بجٹ میں پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے زیادہ فنڈز رکھے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے پاکستان کے 72ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستانی قوم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کر تے ہوئے کہاکہ آزادی کی انمول نعمت کے لیے ہمارے بزرگوں نے لازوال قربانیاں دیں لیکن دوسری طرف مقبوضہ کشمیر کے عوام آج بھی آزادی کیلئے اپنی جائز جدوجہد کر رہے ہیں کیونکہ بھارت نے ظلم و جبر کے ذریعے کشمیری عوام پر زمین تنگ کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیریوں کے جائز حقوق کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔انوہں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑی ضرورت اتحاد کی ہے لہٰذاآپس میں اختلاف مٹا کر یکجان اوریکسو ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستانی قوم ہر چیلنج سے سروخرو ہوکر نکلے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کوہ سلیمان میں بارشوں کے باعث برساتی نالوں میں طغیانی اور راجن پور میں سیلاب کی صورتحال کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں اور لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ضروری اقدام کیا جائے۔قبل ازیں ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بھارتی حکومت نے کرفیو اور ظلم و جبر کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو عید کی خوشیاں بھی نہ منانے دیں۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی تاریخ رقم کی ہے اور مودی سرکار کی مقبوضہ کشمیر میں سفاکیت پر انسانیت کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کے ضمیر کو اب بیدار ہونے کی ضرورت ہے۔ بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں فی الفور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرانے کیلئے اپنا موثر کردار اادا کرنا ہوگا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور اس ضمن میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے حکام، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آلائشوں کو بروقت اٹھایا لگایا جائے اور مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے۔ سڑکوں یا گلی محلوں میں آلائشیں نظر نہیں آنی چاہئیں اور شہر صاف ستھرے ہونے چاہئیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کل حضوری باغ میں منعقدہ یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ وزیراعلیٰ مزار اقبال ؒ پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے او رفاتحہ خوانی کریں گے۔ وزیراعلیٰ عالمگیری دروازے پر پرچم کشائی کریں گے۔ وزیراعلیٰ حضوری باغ میں یوم آزادی کی خصوصی تقریب سے خطاب کریں گے۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بادشاہی مسجد میں عید الاضحی کی نماز اورسنت ابراہیمی کی ادائیگی کے بعد سیالکوٹ، سرگودھا اوربہاولپور کے طوفانی دورے کیے۔وزیراعلیٰ نے عید الاضحی پرمختلف شہروں کے دوروں کا آغاز گیٹ وے ٹو کشمیر سیالکوٹ سے کر کے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پوری قوم عید الاضحی پر کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کررہی ہے اورہم یہ عید اپنے کشمیری بھائیوں کے نام کرتے ہیں۔مودی سرکار کے ظلم و ستم کے باعث کشمیری عوام عید کی خوشیاں بھی نہیں مناسکے۔بھارت جتنا مرضی ظلم کرلے،کشمیری عوام کی آزادی کی منزل قریب آچکی ہے۔ ہم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اورکھڑے رہیں گے۔

پنجاب حکومت/وزیراعلیٰ

مزید :

پشاورصفحہ آخر -