مودی کشمیریوں کو کبھی بھی غلام نہیں بنا سکتا ، وقت آ گیاہے ، بھارت کو سبق سکھایا جائے : عمران خان کا بھارت کو واضح پیغام

مودی کشمیریوں کو کبھی بھی غلام نہیں بنا سکتا ، وقت آ گیاہے ، بھارت کو سبق ...
مودی کشمیریوں کو کبھی بھی غلام نہیں بنا سکتا ، وقت آ گیاہے ، بھارت کو سبق سکھایا جائے : عمران خان کا بھارت کو واضح پیغام

  


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ میں کشمیر کا سفیر بن کر اس مسئلہ کو دنیا میں مزید اجاگر کروں گا، پاکستانی فوج کو پتا ہے کہ بھارت نے آزاد کشمیر میں ایکشن لینے کا پروگرام بنایا ہوا ہے، نریندر مودی ہم تیار ہیں، جو آپ کریں گے ہم آخر تک جائیں گے، پاکستانی فوج تیار ہے، قوم تیار ہے، مودی کشمیریوں کو کبھی بھی غلام نہیں بنا سکتا ، وقت آ گیاہے بھارت کو سبق سکھایا جائے ۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آزادی کے دن میں اور مشکل ترین وقت میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہوں، ہماری ہندوستان کے ساتھ مفادات کی کشمکش نہیں، ہندوستان کے خلاف ہم ایک نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے سامنے آر ایس ایس کے بڑی خوفناک آئیڈیالوجی ہے، آر ایس ایس کی آئیڈیالوجی ہٹلر کی پالیسی سے متاثر ہیں اور اسی آئیڈیالوجی نے مہاتما گاندھی کو قتل کیاجب کہ اس سوچ کے پیچھے مسلمانوں کے خلاف نفرت ہے، آر ایس ایس والے سمجھتے ہیں مسلمان 6 سو سال حکومت نہ کرتے تو یہ عظیم قوم ہوتے اور یہ سمجھتے ہیں مسلمانوں نے ان پر حکومت کی اب بدلہ لینا ہے تاہم میں نے نریندر مودی کی اصل شکل کو میں نے دنیا کے سامنے رکھا۔

انہوں نے کہا کہ کہ ملک کا نظریہ ختم ہونے سے ملک بنانا ری پبلک بن جاتا ہے، مودی نے اپنا آخری کارڈ کھیل دیا یہ کارڈ مودی کو بہت بھاری پڑے گا اور جب مقبوضہ وادی سے کرفیو اٹھے گا تو پھر ہمیں جو پتہ چلے گا، اس کا بڑا خوف ہے۔ جب کہ جولوگ دو قومی نظریہ کے خلاف تھے، آج کہتے ہیں قائداعظم ٹھیک کہتے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے اپنے اقدام سے نظر ہٹانے کیلئے آزادکشمیر میں ایکشن کا پروگرام بنا رکھا ہے لیکن پاکستانی فوج کو پتا ہے کہ بھارت نے آزاد کشمیر میں ایکشن لینے کا پروگرام بنایا ہوا ہے، نریندر مودی ہم تیار ہیں، جو آپ کریں گے ہم آخر تک جائیں گے، پاکستانی فوج تیار ہے، قوم تیار ہے، قوم فوج کے شانہ بشانہ لڑے گی۔

مزید : اہم خبریں /قومی