”یہ مقابلے پاکستان سے منتقل کئے جائیں“ بھارت کھیل کے میدان سے بھی ”بھاگنے“ کو تیار

”یہ مقابلے پاکستان سے منتقل کئے جائیں“ بھارت کھیل کے میدان سے بھی ”بھاگنے“ ...
”یہ مقابلے پاکستان سے منتقل کئے جائیں“ بھارت کھیل کے میدان سے بھی ”بھاگنے“ کو تیار

  


نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھانے والے بھارت نے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) سے ڈیوس کپ ٹائی ٹینس ٹورنامنٹ کے مقابلے پاکستان سے منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہوگئے ہیں، بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد پاکستان نے بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود جبکہ دوطرفہ تجارت معطل کرنے کے ساتھ سمجھوتہ اور تھرایکسپریس سروس معطل کردی تھی۔

فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق ایشین اوشیانا گروپ ون کے ٹائی مقابلے اسلام آباد کے پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں 14 اور 15 ستمبر کو شیڈول ہیں جس میں شرکت کیلئے جولائی میں بھارت نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کی تصدیق بھی کی تھی لیکن اب بھارت نے یہ مقابلے پاکستان سے منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر پراوین مہاجن نے خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے آئی ٹی ایف سے میچ کیلئے غیر جانبدار مقام کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ اس وقت صورتحال غیر متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال سے موجودہ صورتحال کی وجہ سے غیر جانبدار مقام کی درخواست معقول ہے اور میں پرامید ہوں کہ ڈیوس کپ ٹائی کا مقام تبدیل کردیا جائے گا کیونکہ پاکستان نیوٹرل وینیوز میں کھیلنے کا عادی ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی جانب سے رواں ہفتے ہماری درخواست کا جواب ملے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ نے کہا تھا کہ اگر آل انڈیا ٹینس فیڈریشن نے نیوٹرل وینیو کی خواہش کا اظہار کیا تو وہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے فیصلے کا احترام کریں گے۔

مزید : کھیل