نالائق حکمرانوں نے قومی یکجہتی کو پارا پارا کرنے میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی،مسلم لیگ ن بھارت کا یوم آزادی’’یوم سیاہ‘‘ کے طور پر منائے گی:پرویز ملک
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر اور رکن قومی اسمبلی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بھارت کے یوم آزادی کے دن کو یوم سیا ہ منائے گی،جہاں گجرات کے قاتل مودی نے 5 اگست کو کشمیر سے متعلق طالمانہ فیصلہ کیاوہاں نالائق حکمرانوں نے قومی یکجہتی کو کو پارا پارا کرنے میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
نجی ٹی وی کے مطابق پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان کے 22 کروڑ لوگوں کے دل کشمیری بہنوں بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،مظلوم کشمیری آزادی کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں جبکہ ہمارے حکمران اپنی انا کی تسکین کے لئے اپنی سیاسی مخالفین کو انتقامی سیاست کا نشانہ بنانے میں مصروف عمل ہیں، مودی کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے اور اس نے پاکستان کی شہ رگ پر ہاتھ ڈالا ہے، جب تک نریندر مودی کا ہاتھ اپنی شہ رگ سے ہٹوا نہ لیں یا اسے توڑ نہ دیں تب تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ایک دن کشمیر ضرور پاکستان بنے گا، ہماری زندگی اور موت کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خاں کو جعلی مینڈیٹ دیا گیا ،حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبودیا،اپنے اقتدار کے پہلے سال میں حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام رہی،مہنگائی نے عوام کو سانس ہی نہیں لینے دیا،نہ ہی حکمرانوں کو بھیک مانگنے سے فرصت ملی،اناڑی ہیں حکومت نہیں چلا سکیں گے، عوام کے ساتھ جو وعدے کئے گئے تھے انہیں نظر انداز کردیا گیا ہے۔