بھارتی بربریت نے کشمیریوں کا جذبہ جہاد شدید کر دیا،عالمی برادری کشمیریوں کو بچانے کیلئے عملی اقدام کرے:چوہدری پرویز الٰہی

بھارتی بربریت نے کشمیریوں کا جذبہ جہاد شدید کر دیا،عالمی برادری کشمیریوں کو ...
بھارتی بربریت نے کشمیریوں کا جذبہ جہاد شدید کر دیا،عالمی برادری کشمیریوں کو بچانے کیلئے عملی اقدام کرے:چوہدری پرویز الٰہی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ مودی حکومت کی بربریت اور حالیہ اقدام نے کشمیریوں کا جذبہ جہاد شدید کر دیا ہے اور ان کی آزادی کی منزل قریب ہے،کشمیری نوجوان کلمہ طیبہ کے ساتھ کشمیر بنے کا پاکستان کا نعرہ لگاتے ہیں اور وہ پاکستانی پرچم اٹھا کر اپنے سینوں میں گولیاں کھا رہے ہیں۔

رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے تحریک پاکستان میں جو قربانیاں دی ہیں اور اس کے بعد ہماری مسلح افواج، سکیورٹی اداروں اور عام شہریوں نے مادرِوطن کے دفاع اور تحفظ کیلئے جس طرح اپنی جانیں قربانی کی ہیں وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم آزادی کی قدر و قیمت جانتے ہیں اور اس کیلئے ہر قربانی دے سکتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی شہ رگ کشمیر کے مسئلہ پر آج وزیراعظم عمران خان، مسلح افواج اور پاکستانی عوام ایک پیج پر ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ آرمی چیف اور عمران خان عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر رہے ہیں اور وفود بھی بیرون ملک بھیجے جا رہے ہیں، تمام عالمی برادری باالخصوص مسلمان ممالک کے سربراہوں، لیڈروں، او آئی سی اور مسلم امہ کو چاہئے کہ بھارتی بربریت کی صرف مذمت ہی نہ کریں بلکہ اس پر عملی طور پر سامنے آنے کی ضرورت ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستانی پرچم اٹھا کر سینہ میں گولیاں کھانے والے کشمیری نوجوانوں کا لہو ہمیں پکار رہاہے کہ ہم اپنے ذاتی، سیاسی مفادات کے بجائے قومی جذبہ سے متحد ہوجائیں اور مظلوم کشمیریوں کو بھارتی چنگل سے ہمیشہ کیلئے نجات دلانے کیلئے آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانا عالمی برادری کا فرض ہے، اقوام متحدہ کو چاہئے کہ وہ بھارت سے اس کے وعدوں پر عمل کرائے۔ انہوں نے کہا کہ 70 سال سے کشمیریوں پر ظلم ہو رہا ہے لیکن اب آزادی کی جدوجہد نوجوانوں کے پاس آ گئی ہے جو کرفیو توڑ کر پاکستانی پرچم اٹھائے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔

مزید :

قومی -