سٹاک مارکیٹ میں دوسرے روز بھی مندی،انڈیکس مزید 182.44پوائنٹس کم ہوگیا

  سٹاک مارکیٹ میں دوسرے روز بھی مندی،انڈیکس مزید 182.44پوائنٹس کم ہوگیا

  

 کراچی (اکنامک رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو بھی سرمایہ کاروں کے محتاط طرز عمل کے باعث اتار چڑھاوٗ کا سلسلہ جاری رہا لیکن مجموعی طور پر مندی غالب آگئی اورکے ایس ای 100انڈیکس مزید182.44پوائنٹس کی کمی سے 40290.74پوائنٹس کی سطح پرآ گیا جب کہ 52.50فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 22ارب94کروڑ31لاکھ روپے کی کمی ہوئی اور حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی پیر کی نسبت 5.92فیصدکم رہا۔گزشتہ روز کاروبار کا آغازمثبت زون میں ہوا اور ابتدائی اوقات میں سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری کے باعث کے ایس ای100انڈیکس 40563.16پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں منافع کے حصول کی عرض سے شیئرز فروخت کا دباوٗ بڑھ گیا جس کے باعث تیزی کا رجحان مندی میں تبدیل ہوگیا اور دوران ٹریڈنگ انڈیکس39898.66پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا بعد میں ریکوری آئی اور40ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی لیکن مندی کے اثرات زائل نہ ہوسکے اورکاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 182.44پوائنٹس کی کمی سے40290.74پوائنٹس پر بند ہوا اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس87.41پوائنٹس کی کمی سے 17538.41پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس86.82پوائنٹس کی کمی سے28134.26پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔گذشتہ روز 419کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں 179کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 220میں کمی اور 20میں استحکام رہا۔بیشتر کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی آنے کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت74کھرب57ارب50کروڑ70لاکھ روپے سے گھٹ کر 74کھرب34ارب56کروڑ39لاکھ روپے ہوگیا۔قیمتوں میں اتار چڑھاوٗ کے لحاظ سے سیپ ہائر فائبر  کے حصص59روپے کے اضافے سے871 روپے اورپریمیئر شوگر32روپے کے اضافے سے550روپے ہوگیا جب کہ سیپ ہائر ٹیکس70.49روپے کی کمی سے 869.50روپے اورباٹا پاک48روپے کی کمی سے1600روپے ہوگئی۔سونے کی فی تولہ قیمت مزید 1ہزارروپے کی کمی سے ایک لاکھ19ہزار روپے کی سطح پر آگئی۔گزشتہ روز بھی عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری رہااور فی اونس سونے کی قیمت 2ڈالر کی کمی سے 1931ڈالرہو گئی جس کے زیر اثرملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں کمی کا رجحا ن رہااور آل سندھ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت ایک ہزارروپے کے اضافے سے 1لاکھ 19ہزار روپے ہو گئی اسی طرح 858روپے کی کمی سے دس گرام سونے کی قیمت 1لاکھ2ہزار23روپے ہو گئی۔مقامی کرنسی مارکیٹوں میں جمعرات کو امریکی ڈالرکی قدر مزید کم ہوکر 168روپے کی سطح پر آگئی جب کہ یورو کی قدر میں 1.50روپے اور برطانوی پاونڈ کی قدر میں ایک روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدرمیں 10پیسے کی کمی ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید168.10روپے سے گھٹ کر168روپے اور قیمت فروخت168.40روپے سے گھٹ کر168.20روپے ہو گئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید168روپے مستحکم رہی اور قیمت فروخت168.50روپے سے گھٹ کر168.40روپے ہو گئی۔فاریکس رپور ٹ کے مطابق یورو کی قیمت خرید1.50روپے کے اضافے سے195.80روپے سے بڑھ کر197.30روپے اور قیمت فروخت197.80روپے سے بڑھ کر199.30روپے ہوگئی جب کہ برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 218روپے سے بڑھ کر219روپے اور قیمت فروخت220روپے سے بڑھ کر221روپے ہوگئی۔

سٹاک مارکیٹ

مزید :

صفحہ آخر -