تصویری نمائش میں نایاب تصاویر جدوجہد آزادی کو نمایاں کرتی ہیں، شبلی فراز
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیراطلاعات و نشریا ت سینیٹر شبلی فراز نے قیام پاکستان کی جدوجہد کو نمایاں کرنے سے متعلق تصویری نمائش کا افتتاح کردیا۔جمعرات کو تین روزہ نمائش کا انعقاد وزارت اطلاعات و نشریات نے کیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تصویری نمائش میں رکھی گئی نایاب تصاویر جدوجہد آزادی کو نمایاں کرتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نمائش سے نئی نسل کو قیام پاکستان کیلئے اپنے بزرگوں اور قائدین کی جدوجہد سے متعلق آگاہی ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ قائداعظم نے جس خواب کو حقیقت کا روپ دیا اسکی اہمیت اب مزید واضح ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا فرض ہے کہ آنے والی نسلوں کو مضبوط اور مستحکم پاکستان دیں۔وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ اقوام عالم میں پاکستان کا وقار بلند کرنے کیلئے خودانحصار قوم کے طور پر ابھرنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں عہد کرنا ہو گا کہ وطن عزیز کی ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت معاشی اور سماجی ترقی کیلئے کوشاں ہے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ موجودہ حکومت نے نئے پاکستان کا ویژن دے کر خود کو عوامی ترقی کیلئے وقف کر دیا۔
شبلی فراز