قیام پاکستان کی جدوجہد

قیام پاکستان کی جدوجہد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


  خورشیداحمد جنرل سیکرٹری
آل پاکستان  ورکرز کنفیڈریشن(رجسٹرڈ)
22 کروڑ پاکستانی قوم 14  اگست 2020ء کو 73 واں یوم آزادی پاکستان منارہی ہے- آزادی کی قدر مقبوضہ کشمیر، فلسطین کے مظلوم شہریوں  سے دریافت کریں کہ آزادی کیا نعمت ہے اسی طرح جو بھارت اور اسرائیل کے ظلم و ستم کا شکار ہیں اور اس نعمت سے محروم ہیں - فدوی نے اپنے اوائل پچپن میں بر صغیر  پاک وہند میں پاکستان کے  لئے مسلمانوں کی آزادی کی عظیم جدوجہد دیکھی ہے کس طرح پاک وہند میں قیام پاکستان کی جدوجہد میں مسلمانوں کو  اپنے خاندانوں سمیت شہید کیاگیا-
فدوی نے اپنے والد صاحب (مرحوم) کے ہمراہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو قیام پاکستان کی تحریک کے دوران اسلامیہ کالج ریلوے روڈ  میں طالب علموں   سے خطاب کرتے ہوئے دیکھا-
قیام پاکستان کے وقت آل انڈیا  ریڈیو میں قائد اعظم محمد علی جناح کا  انگریزی میں خطاب سنا  اور قیام پاکستان کے بعد بادشاہی مسجد میں ان کے ساتھ تیسری لائن میں نماز  ادا کی -1948؁ کو یونیورسٹی گراؤنڈ میں ان کا عظیم خطاب  سنا جس میں ہزاروں کارکنان تھے باوجودیکہ اْن کا 90 فیصد خطاب انگریزی زبان میں تھا لیکن عوام کو یقین تھا کہ یہ بزرگ راہنما جو کہہ رہا ہے وہ سچ ہے  چونکہ قوم کو اْن کی دیانت  اورخلوص پر اندھا یقین تھا اس وقت کشمیر میں جنگ جاری تھی-کروڑ سے زیادہ لوگ بھارت سے اپنے خاندان کی جانیں قربان کرکے اور اپنا سازو سامان  لے کر مہاجرین بن کر آئے ہوئے تھے حکومت کے پاس اتنے مالی وسائل نہیں تھے جو اْس وقت ان مہاجرین کی مالی مدد کرتے- لیکن قوم کو یقین تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح ایک مخلص، قابل راہنما ء ہیں جنہوں نے پہلا گورنر جنرل بننے کے بعد صرف ایک روپیہ ماہانہ تنخواہ وصول کی اور اپنی اربوں روپے کی جائیدار قوم کے بچوں و نوجوانوں کی تعلیم وتریت کے لئے  وقف کردی-
آج پاکستان دنیامیں ساتواں ایٹمی اور   اسلامی ملک ہے اس کی آبادی  تقریباً 22 کروڑ ہے یہ آبادی کے لحاظ سے دنیا  کا  پانچویں بڑا ملک ہے-
آج یوم آزادی کے موقعہ پر ملک کے سیاسی راہنماؤں، حکمران، جاگیردار وں اور سرمایہ دار طبقہ کو قائداعظم محمد علی جناح کی طرح اپنی حرص و ہوس کو قربان کرکے آزادی اور دفاع پاکستان کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک میں غربت، جہالت، بیماری، بے روزگاری اور امیر وغریب کے مابین بے پناہ فرق کو  دور کرنے اور اسے آئی ایم ایف و  ورلڈ بینک کے قرضوں کی زنجیروں سے آزاد کرانے کے لئے قائداعظم محمد علی جناح کے کردار کا عملی نمونہ پیش کرکے پاکستان کو اقتصادی و سماجی ترقی اور امتیازی خود کفالت حاصل کرنی چاہیئے تاکہ ہم کشمیری عوام اور بھارت کے معصوم مسلمانوں کا سہارا  بن سکیں -
 اللہ تعالیٰ ہمیں اس نیک مقصد کی تکمیل میں کامیاب فرمائے-آمین!

مزید :

ایڈیشن 1 -