آزادی اور خود مختاری کی حفاظت نہ کرنیوالی قومیں مٹ جاتی ہیں، سراج الحق
لاہور(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے قوم کو 74ویں یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے اور اپنی آزادی اور خود مختاری کی حفاظت نہ کرسکنے والی قوموں کو دنیا سے حرف غلط کی طرح مٹا دیا جاتا ہے۔ہمیں اپنی آزادی کی حفاظت کیلئے تن من دھن سے جدوجہد کرنی ہے۔پاکستان کی بقا،سلامتی اور خوشحالی کا ضامن صرف اسلام ہے،ہمیں وہ عہد و پیمان پورا کرنے کیلئے نئے عزم کے ساتھ اٹھنا ہوگا جو قیام پاکستان کے وقت ہم نے اپنے اللہ سے باندھا تھا۔جب تک قوم اپنے اس عہد کو پورا نہیں کرتی ملک ترقی و خوشحالی کی منزل کو حاصل کرسکتا ہے نہ قومی وقار اور ملکی خود مختاری کی بحالی اور حقیقی آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔ قوم یوم آزادی پر اس عزم اور عہد کا اعادہ کرے کہ کشمیر کی آزادی کیلئے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ سراج الحق 74 ویں یوم آزادی پر منصورہ میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کریں گے اور مرکزی دفاتر کی عمارت پر قومی پرچم لہرائیں گے۔
سراج الحق