بی آر ٹی منصوبہ نامکمل ہی نہیں ناقص بھی ہے‘عاجز دھامراہ

بی آر ٹی منصوبہ نامکمل ہی نہیں ناقص بھی ہے‘عاجز دھامراہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات عاجز دھامراہ اور ضلع شرقی کے سیکریٹری اطلاعات وقاص شوکت نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پشاور بس ریپڈٹراسنٹ کے مکمل ہونے کو ڈھونگ اور افتتاح کو دھوکہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی نالائق حکومت بی آرٹی کا افتتاح کر کے اپنی نااہلی اور نالائقی پر پردہ پوشی کرنا چاہتی ہے ایک نامکمل سلیکٹڈ وزیراعظم ایک نامکمل منصوبے کا افتتاح کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی یا تو دوسروں کے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگا رہے ہیں یا تو پھر نامکمل منصوبوں کا افتتاح کر کے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کی گورنمنٹ اسٹے آرڈر کے پیچھے چھپ کر بی آرٹی کی کرپشن چھپانے کی کوشش کررہی ہے اگر یہ منصوبہ اتنا بااعتماد اور کرپشن سے پاک ہے تو اسٹے آرڈر ختم ہونے کے بعد اس کی رپورٹ سے واضح ہوجائے گا کہ بی آرٹی منصوبے سے کس کس نے فائدہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2017سے شروع ہونے والا یہ پروجیکٹ ابھی تک پایہ تکمیل تک نہیں پہنچا ہے جبکہ اربوں روپے کرپشن کی نظر ہوچکے ہیں۔ پی پی پی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی کے پروجیکٹ کے پیچھے 7ارب روپے کے کک بیکس وصول کئے جانے کی اطلاعات ہیں مگر ملک کے آزاد اداروں نے اس پر آنکھیں بند کررکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم بی آرٹی کا افتتاح نہیں بلکہ بی آرٹی کے مخصوص حصہ کا افتتاح کر کے یوم نجات منانے کی کوشش کررہے ہیں۔پی پی پی رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ ترقی اور تبدیلی کے دعوے کرنے والے خواب خرگوش سے باہر نکلے اورعوام کو حقیقت سے آشنا کریں کہ بی آر ٹی منصوبے کا ٹھیکہ کس وفاقی وزیر نے اپنے کس فرنٹ مین کو دلوایا ہے۔ 

مزید :

صفحہ آخر -