پراپرٹی ٹیکس کی نئی درجہ بندی کرنے کی تجویز مسترد،ہم عوام کو ریلیف دینے کیلئے آئے ہیں، بزدار

 پراپرٹی ٹیکس کی نئی درجہ بندی کرنے کی تجویز مسترد،ہم عوام کو ریلیف دینے ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 34واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے رولز آف بزنس 2011میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔رولز آف بزنس میں ترامیم سے16صوبائی محکموں کے سیکرٹریز جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں کام کریں گے۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ انتظامی لحاظ سے مکمل بااختیار ہوگا۔جنوبی پنجاب کے لوگوں کو اپنے کام کے سلسلے میں لاہورنہیں آنا پڑے گا۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تمام امور پیپر لیس ہوں گے۔پنجاب کابینہ نے پراپرٹی ٹیکس کی نئی درجہ بندی کرنے سے متعلق ویلیوایشن ٹیبل مرتب کرنے کی تجویز مسترد کردی۔اجلاس میں چیرٹیزکی آن لائن رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیاگیا۔پنجاب کابینہ نے چیرٹیز کی آن لائن رجسٹریشن کی تاریخ میں 15اکتوبر تک کی توسیع کرنے کی منظوری دے دی۔اجلاس میں ای اشٹام کے ریفنڈ سے متعلق پنجاب ای اشٹام رولز 2016میں ترامیم کی منظوری دی گئی جبکہ عوام کی سہولت کیلئے 5لاکھ روپے تک اشٹام پیپرز کے ریفنڈ کا اختیار کمشنر کو دینے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب شوگر فیکٹریز (کنٹرول) ایکٹ 1950میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ترامیم سے حکومت کی جانب سے کرشنگ سیزن کی نوٹیفائیڈ تاریخ پر کرشنگ نہ کرنے والی ملوں کو بھاری جرمانہ کیا جاسکے گا۔گنے کی خریداری پر ملیں پکی رسید پر وزن،قیمت اورتاریخ درج کرنے کی پابندہوں گی۔بینک کے ذریعے ادائیگی کرنے کی پابندی سے کاشتکارکو نوٹیفائیڈ ریٹ ملے گا۔ان ترامیم سے کاشتکار کے مفاد کاتحفظ ہوگا اورکرشنگ سیزن بروقت شروع ہوسکے گا۔کابینہ نے پرائم منسٹر نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کوپنجاب بھرمیں ہاؤسنگ سکیمیں شروع کرنے کی منظوری دی۔اجلاس میں موٹر وہیکلز آرڈیننس 1965کے سیکشن 120کے تحت موٹر وہیکلز آفیسرز کو اختیارات تفویض کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ لوڈر رکشہ کو شامل کرنے کیلئے موٹر وہیکلز رولز 1969 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔صوبائی کابینہ نے پنجاب کی پہلی سپیشل ایجوکیشن پالیسی 2019 کی منظوری دے دی۔یہ پالیسی میڈیکل ماڈل سے سوشل ماڈل تک کور کرے گی۔17برس بعدبزدار حکومت کو سپیشل ایجوکیشن کی پہلی پالیسی مرتب کر کے اس پر عملدرآمد کرنے کا اعزازحاصل ہواہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم عوام کو ریلیف دینے کیلئے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے پراپرٹی ٹیکس میں اضافے کو مسترد کر کے عوام کو حقیقی ریلیف دیا ہے۔عوامی خدمت کے سفر میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -