محبت ہوتو ایسی ، بھارتی تاجر نے اپنے نئے گھر میں فوت شدہ بیوی کا مجسمہ بنوا لیا

محبت ہوتو ایسی ، بھارتی تاجر نے اپنے نئے گھر میں فوت شدہ بیوی کا مجسمہ بنوا ...
محبت ہوتو ایسی ، بھارتی تاجر نے اپنے نئے گھر میں فوت شدہ بیوی کا مجسمہ بنوا لیا

  

کرناٹکا (ویب ڈیسک) حال ہی میں ایک بھارتی تاجر کے گھر کی تصاویر نے ہر ایک کو ششدر کردیا ہے۔ انہوں نے اپنے نئے گھر میں فوت شدہ عزیز بیوی کا سلیکون سے بنا انتہائی حقیقی مجسمہ بنوایا ہے جسے مرکزی کمرے میں رکھا گیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ اپنی بیوی سے بے انتہا محبت رکھتے ہیں۔

سری نواس گپتا کی بیوی تین سال قبل ایک حادثے میں فوت ہوگئی تھیں۔  سری نواس کی بیوی مادھوی ہمیشہ اپنا گھر بنانا چاہتی تھیں لیکن اب نیا گھر تو ہے لیکن وہ اس دنیا میں موجود نہیں۔ لیکن سری نواس نے ایک مقامی فنکار کی مدد سے اپنی بیوی کا مجسمہ بنوایا اور اسے نئے مکان میں رکھا  جہاں وہ اپنی بیٹیوں کے ساتھ رہتے ہیں۔

اس موقع پر سری نواس نے کہا کہ انہیں یہ محسوس ہورہا ہے کہ آج ان کی بیوی اپنے خوابوں کے گھر میں موجود ہیں۔ واضح رہے کہ بنگلورو کے فنکار شری دھر مورتھی نے ایک سال کی محنت سے قدِ آدم مجسمہ بنایا ہے۔ سری نواس مومی مجسمہ چاہتے تھے لیکن یہ علاقہ بہت گرم ہے اور اسی بنا پر اسے سلیکون سے بنایا گیا ہے۔اب سری نواس کی تصاویر میں ان کی دوبیٹٰیاں بھی ماں کے مجسمے کےساتھ نظرآرہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر لوگوں نے اسے اپنی بیوی سے محبت کی ایک انوکھی داستان قرار دیا ہے۔

بعض صارفین نے مجسمہ ساز کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے پوری ایمانداری سے انتہائی حقیقی مجسمہ تیار کیا ہے۔

مزید :

بین الاقوامی -