’عمران خان کو میں نے وزیراعظم بنوایا‘

’عمران خان کو میں نے وزیراعظم بنوایا‘
’عمران خان کو میں نے وزیراعظم بنوایا‘

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے سابق مایہ ناز بلے باز جاوید میاں داد نے دعویٰ کر دیا ہے کہ عمران خان کو انہوں نے وزیراعظم بنوایا اور عمران خان اس حقیقت سے کبھی انکار نہیں کر سکتے۔ ویب سائٹ ’پڑھ لوح کے مطابق جاوید میاں داد نے اس دعوے کے ساتھ عمران خان پر سنگین نوعیت کے الزامات بھی عائد کیے۔یوٹیوب پر پوسٹ کیے گئے اپنے ویڈیو بیان میں جاوید میاں داد کا کہنا تھا کہ ”عمران خان کرکٹ میں بھی فیورٹ ازم کو استعمال کرتے تھے اور سیاست میں بھی وہی کچھ کر رہے ہیں۔ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھی تمام اہم عہدوں پرآﺅٹ سائیڈرز کو لے آئے ہیں۔“

جاوید میاں داد نے مزید کہا کہ ”پاکستانی لوگوں کو ایسے مواقع کیوں نہیں دیئے جاتے؟ اگر ہمارے پاس پاکستان میں اتنا ٹیلنٹ ہے تو بیرون ممالک سے لوگوں کو لاکر کیوں بڑے بڑے عہدوں پر براجمان کیا جا رہا ہے؟ موجودہ پاکستانی کرکٹرز کو بھی مستقبل میں ان عہدوں پر کام ملنا چاہیے ورنہ وہ بے روزگار ہو جائیں گے یا ادنی ملازمتیں کرنے پر مجبور ہوں گے۔“ وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے جاوید میاں داد کا کہنا تھا کہ ”میں تمہارا کیپٹن تھا، تم کبھی میرے کیپٹن نہیں رہے۔ میں نے ہی تمہیں سب کچھ سکھایا تھا۔ میں سیاست میں بھی آﺅں گا اور تمہیں سکھاﺅں گا کہ سیاست کیسے کی جاتی ہے۔ نعوذ باللہ تم خدا بننے کی کوشش کر رہے ہو۔ تم اتنے خود پسند ہو، کہ سمجھتے ہو کہ تمہارے علاوہ کوئی کچھ جانتا ہی نہیں ہے، لیکن تمہیں کچھ بھی معلوم نہیں ہے کہ تمہارے اردگرد کیا ہو رہا ہے۔آج تم میری وجہ سے وزیراعظم ہو۔“جاوید میاں داد نے اس دوران پاکستانیوں سے درخواست کی کہ وہ قابل فخر پاکستانی بنیں اور سچ کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔

مزید :

کھیل -