سندھ میں گورنر راج یا کراچی کو وفاق کا حصہ بنانے کی کوشش کی تو ۔۔۔سینیٹر رحمان ملک کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ،وفاقی حکومت کو بڑی دھمکی دے دی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ
پاکستان کو ایک طرف سے آئی ایم ایف،ایک طرف سےفیٹف اورایک طرف سے بھارت کے جہازوں کا خطرہ ہے،پاکستان کو اصل آزادی تب ملے گی جب آئی ایم ایف کی پابندیوں کو توڑا جائے گا،آج اگر آپ آئی ایم ایف کو پیسہ واپس دینے سے منع کردیں تو وہ کچھ نہیں بگاڑ سکتا،
حکومت کو وارننگ ہے کہ سندھ میں گورنر راج یا کراچی کو وفاق کا حصہ بنانے کی کوشش کی تو یہ اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہوگا، نریندر مودی ایک وقت میں ٹاپ ٹین مطلوب دہشتگردوں میں تھا لیکن امریکہ نے اسے بچایا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ آج آزادی کے جشن کے موقع پر کشمیریوں کو نہیں بھولنا چاہیے،ایک سال ہوگیا کشمیری لاک ڈاؤن میں ہیں پر افسوس حکومت پاکستان نے کچھ نہ کیا،سب کو معلوم ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر مودی کس طرح کا ظلم وہاں کر رہا ہے؟میں مودی کو چیف دہشت گرد کہتا ہوں کیونکہ وہ آر ایس ایس کا ٹرین شدہ ہے،پوری دنیا کہتی ہے کہ محمد علی جناح نے الگ ملک بنا کر ٹھیک کیا،نریندر مودی ایک وقت میں ٹاپ ٹین مطلوب دہشتگردوں میں تھا لیکن امریکہ نے اسے بچایا تھا ،حکومت کو ایک قرارداد اقوام متحدہ میں لے کر جانا چاہیے تھا،ایک سال کسی کو قید کرنا کہاں کا انصاف ہے؟کوئی بھی ملک کیوں نہیں بولتا؟ ۔
سینیٹر رحمان ملک نےکہاکہ پاکستان کو ایک طرف سے آئی ایم ایف، ایک طرف سے فیٹف اور ایک طرف سے بھارت کے جہازوں کا خطرہ ہے،آج پاکستان کو ایک لیڈر کی ضرورت ہے،آج ہر ملک لگا ہوا ہے کہ پاکستان کی مدد نہ کی جائے تاکہ مشکلات میں مزیداضافہ ہو ،پاکستان آگے ضرور بڑھے گا لیکن ملک کو آگے بڑھانے کے لیے بھی سپیڈ ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سے سوال ہے کہ وہ سندھ میں گورنر راج کی بات کیوں کرتے ہیں؟بھارت نے ایک ملین ڈالر سندھ اور بالخصوص کراچی کو نقصان پہنچانے کے لیے مختص کیا ہے،حکومت کو وارننگ ہے کہ سندھ میں گورنر راج یا کراچی کو وفاق کا حصہ بنانے کی کوشش کی تو یہ اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہوگا،جس طرح حکومت پاکستان نے پیپلز پارٹی کی ساکھ کو تباہ کرنے کی کوشش کی اس کی مثال نہیں ملتی،آصف علی زرداری اور خورشید شاہ کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے تاہم میں آج پیشنگوئی کررہا ہوں کہ بلاول بھٹو زرداری جلد وزیراعظم بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ فیٹف پاکستان کے خلاف ریاستی دہشت گردی ہے،پاکستان کو ایک طرف سے آئی ایم ایف،ایک طرف سےفیٹف اورایک طرف سے بھارت کے جہازوں کا خطرہ ہے، پاکستان کو اصل آزادی تب ملے گی جب آئی ایم ایف کی پابندیوں کو توڑا جائے گا،آج اگر آپ آئی ایم ایف کو پیسہ واپس دینے سے منع کردیں تو وہ کچھ نہیں بگاڑ سکتا،آج تک کسی نے سوچنے کی کوشش بھی نہیں کی کہ فیٹف آخر ہے کیا؟۔انہوں نے کہا کہ میں آج پیشنگوئی کرتا ہوں کہ ڈالر 180 تک جانے والا ہے،میں چیلنج کرتا ہوں کہ کورونا وائرس پاکستان میں ابھی ختم نہیں ہوا، حکومت نے ٹیسٹنگ ختم کردی ہے۔