مال روڈ سمیت پانچ شہروں کی تزئین نو کی منظوری!

مال روڈ سمیت پانچ شہروں کی تزئین نو کی منظوری!

  

صوبائی حکومت نے لاہور سمیت صوبے کے چار شہروں اور ایک قصبے کی تزئین و آرائش کا  فیصلہ کر کے پروگرام ترتیب دینے کی ہدایت کی، جبکہ لاہور کی مال روڈ (شاہراہ قائداعظم) کی اصل حالت بحال کرنے کے لئے پچاس کروڑ روپے کا تخمینہ بھی منظور کر لیا گیا ہے۔ ڈویژنل ڈسٹرکٹ سکروٹنی کمیٹی نے لاہور کی اس قدیمی سڑک کے علاوہ ملتان،بہاولپور، فیصل آباد اور مریدکے کی تزئین کا فیصلہ کیا اور صوبائی حکومت نے منظوری دے دی۔مقامی اخبار کی خبر کے مطابق  مال روڈ کی تزئین و آرائش کا پہلا مرحلہ چیئرنگ کراس سے ٹولنٹن مارکیٹ چوک تک ہو گا۔ عمارتوں کو رنگ و روغن کیا جائے گا۔ایک نوعیت کے بورڈ ہوں گے اور غیر ضروری بورڈ ہٹا دیئے جائیں گے، جہاں ضرورت ہو گی بجلی کی وائرنگ انڈر گراؤنڈ کر دی جائے گی۔ مال روڈ جسے شاہراہ قائداعظم کا نام دیا گیا، پرانے لاہور کی خوبصورت سڑک تھی،اس پر گھنے درخت سائبان کی طرح تھے اور شہری شام کو کناروں پر سیر کیا کرتے تھے۔ سڑک کی ہیئت تو تبدیل ہوئی، واپڈا ہاؤس اور الفلاح بلڈنگ بھی بعد میں تعمیر ہوئیں،تاہم تاریخی عمارتیں تاحال موجود ہیں،اس سڑک کی اصل حالت بحال کرنے کی یہ کوشش پہلی نہیں ہو گی کہ سابقہ دور میں بھی اس علاقے کو تحفظ دیا گیا اور عمارتوں کو گرانے اور ان میں ترمیم کی ممانعت کر دی گئی،پھر بھی بعض عمارتیں کسی نہ کسی بہانے گرا دی گئیں،جبکہ عمارتوں کی بحالی کا کام بھی ہوا۔ شاہ دین بلڈنگ اس کا ثبوت بھی ہے یہ جاری پروگرام کب بند ہوا، یہ نہیں بتایا گیا البتہ تزئین کا یہ منصوبہ پھر سے بنا لیا گیا ہے۔توقع کرنا چاہئے کہ یہ منصوبے اب تکمیل پذیر ہوں گے اور لاہور کی مال روڈ کے علاوہ منظور شدہ باقی شہروں میں کام جلد شروع ہو جائیں گے۔

مزید :

رائے -اداریہ -