اپوزیشن کے پاس کوئی پروگرام، نہ ایجنڈا، ریاست مخالف بیانیہ کی رتی بھر گنجائش نہیں: وزیراعلٰی پنجاب 

اپوزیشن کے پاس کوئی پروگرام، نہ ایجنڈا، ریاست مخالف بیانیہ کی رتی بھر ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں  محنت اور اخلاص کیساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان میں ریاست مخالف بیانیہ کی رتی بھر گنجائش نہیں۔ موجودہ حالات میں منفی سیاست غیر دانشمندانہ اور قومی مفادات کے منافی ہے۔ اپوزیشن کے پاس کوئی پروگرام ہے نہ ایجنڈا۔مایوس عناصر عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ عوام منفی سیاست کی بجائے ملک کو آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔بدقسمتی سے اپوزیشن نے ملکی مفاد کو پس پشت ڈالا ہوا ہے۔ان عناصر کی ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔سازشیں کرنے والے پہلے بھی ناکام رہے اورآئندہ بھی ناکام رہیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے یوم آزادی پر قوم کو مبارک باد دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم آزادی دراصل یوم تشکر بھی ہے اور یوم تجدید عہد بھی۔اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں جس نے ہمیں پاکستان جیسی بے مثال نعمت سے نوازا۔ پاکستان لاکھوں شہیدوں کی قربانیوں کا ثمر ہے۔تحریک پاکستان کے شہدا ء کی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وطن کی مٹی کا قرض اتارنے کیلئے اتحاد،یکجہتی اوریگانگت کے اصولوں پر چلنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ آئیے مل کر پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانے کا عہد کریں اور ہمیں ا س عزم کا اعادہ بھی کرنا ہے کہ پاکستان کی سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کرینگے اور ملکی وقار کو ہمیشہ بلند رکھیں گے۔عثمان بزدار نے یوم آزادی پر ون ویلنگ کی روک تھام کے حوالے سے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ون ویلنگ سے اپنی اور دوسروں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ون ویلنگ روکنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ کرنے والوں کو قانون کے تحت سزا ملے گی۔ کم عمر افراد کے خلاف گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے پر بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔عثمان بزدارنے وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کے ممبر وسیم رضا جعفری کے ا نتقال پر گہرے دکھ او رافسوس کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب عثمان بزدار نے ضلع پاکپتن کے تھانہ عارف والاکی حدودمیں اغوا کے بعد 2 سالہ بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ 

وزیراعلی پنجاب

مزید :

صفحہ اول -