یوم آزادی آج ملی جوش و جذبے سے منایا جائیگا
اسلام آباد، لاہور، کراچی،کو ئٹہ،پشاور، مظفرآباد، گلگت بلتستان (سٹاف رپورٹرز،نیوز ایجنسیاں)پاکستان کا 74واں یوم آزادی آج بروزہفتہ تزک واحتشام منایاجائیگا، یوم آزادی پر ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی،جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز علی الصبح وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہوگا،وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومت میں 21،21توپوں کی سلامی دی جائیگی،نمازفجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی اورمقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں خصوصی دعائیں کی جائیں گی، صبح 8:58بجے سائرن بجائے جائیں گے جس پر ہر قسم کی ٹریفک فوری طور پروہیں رک جائیگی،اس موقع پر ایک منٹ کی مکمل خاموشی اختیار کی جائے گی جس کا مقصد تحریک پاکستان سے تکمیل پاکستان تک کی جدو جہد میں جام شہادت نوش پانے والے غیوربزرگوں، بھائیوں سمیت غازیوں اور جوانوں کو خراج عقیدت و تحسین پیش کرنا ہے۔مزار قائدؒ اور مزاراقبالؒ پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات منعقد ہوں گی جس میں اعلیٰ عسکری حکام شریک ہونگے،جبکہ حکومتی و سیاسی شخصیا ت بھی مزا ر قائد ؒاور مزار اقبالؒ اور شہدا تحریک آزادی کی یادگاروں پر حاضری دیکر پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے اورفاتحہ خوانی کریں گے۔جشن یوم آزادی کی مناسبت سے سرکاری اداروں میں پرچم کشائی کی تقر یبات ہونگی،شہریوں کی جانب سے گھروں،گلی محلوں اور بازاروں کو خوبصورت جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے جبکہ چھتوں پر پاکستان کا سبز ہلالی قومی پرچم لہرائے گئے ہیں،بڑی سرکا ر ی اورنجی عمارتوں کو خوبصورت روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔مختلف اداروں میں تقریبات میں ملی نغمے اور قیام پاکستان کی جدوجہد کے حوالے سے روشنی ڈالی جائیگی۔اس دن کی منا سبت سے اخبارات خصوصی ایڈیشن شائع کریں گے جبکہ ٹی وی چینلز پر خصوصی نشریات کا اہتمام کیا جائے گا۔مختلف مماک میں پاکستان کے سفارتخانوں اور ہائی کمیشنز میں بھی یوم آزادی کی شایان شان تقریبات ہوں گی۔ بچوں، بچیوں، لڑکیوں اور خواتین نے جشن آزادی کی مناسبت سے خصوصی لباس تیار کئے ہیں۔مختلف شہروں میں نوجوانوں کی ٹولیاں موٹر سائیکلوں پر قومی پرچم تھام کر مارچ کریں گے،تاہم پولیس نے اعلان کیاہے کہ کسی کو بھی جشن آزادی منانے کی آڑمیں ہلڑبازی کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی طرف سے جشن آزادی کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ اس موقع پر پوری قوم بیک زبان ہوکر اس عزم کا اعادہ کریگی کہ جس طرح 1947 میں پوری قوم کو ایک ملک کی ضرورت تھی اسی طرح اب ملک کو ایک قوم کی ضرورت ہے جو اپنے وطن عزیز کو جنت نظیر خطہ بنانے کیلئے کسی بھی قسم کے امتیاز، رنگ و نسل، عہدے و مرتبے، بڑے چھوٹے، امیر غریب کی تفریق سے بالا تر ہو کر پوری ملت کے شانہ بشانہ کھڑی ہو کر یہ ثابت کر دے کہ ان کے دکھ سکھ سانجھے اور وہ کسی بھی قدرتی آفت، آزمائش،مشکل کی گھڑی میں ثابت قدم رہیں گے۔
یوم آزادی