حقیقی امن آقائے دوجہاںﷺ کے اصولوں پر عمل سے ہی ممکن ہے :سخی سلطان بابا جانی سرکار

حقیقی امن آقائے دوجہاںﷺ کے اصولوں پر عمل سے ہی ممکن ہے :سخی سلطان بابا جانی ...
 حقیقی امن آقائے دوجہاںﷺ کے اصولوں پر عمل سے ہی ممکن ہے :سخی سلطان بابا جانی سرکار

  

لاہور (پ ر) سلسلہ سروری کے روحانی پیشوا سخی سلطان بابا جانی سرکار اللہ والے نے کہا ہے کہ کلمہ حق کی ترویج، ایثار، خدمت اور دوسروں کے لیے محبت کے جذبات رکھنا ہی یوم آزادی کا پیغام ہے،جنوبی ایشیا سمیت دنیا بھر میں حقیقی امن کا قیام آقائے دو جہاں ﷺ کے بتائے اصولوں کے عملی نفاذ سے ہی ممکن ہے۔ آقائے دوجہاں ﷺ دنیا کےسب سےبڑے مفکر، عظیم فلاسفر اور بہترین منتظم ہیں جو دنیاکو آفاقی نظام دے کر گئے،بھارتی جارحیت اور شرپسندانہ عزائم سے پورے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن آزادی کے سلسلہ میں نکالی گئی ریلی کے شرکاء سے مختلف مقامات پر  خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نہ صرف وطن عزیز بلکہ پورے خطے کے امن کی ضامن ہے۔ پاک فوج کی بدولت ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔

سخی سلطان نے کہا کہ پاک فوج دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے تاہم دنیا کا امن آقائے دو جہاں ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے ہی ممکن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کو اور بالخصوص ہمارے پورے خطے کو موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی آلودگی کا سامنا ہے۔ قوم کو مل کر اس چیلنج کا مقابلہ کرنا ہے، آئیے جشن آزادی کے موقع پر مل کر عہد کریں کہ پاکستان کو سرسبز بنائیں گے،اس حوالے سے سروری جماعت نے شجر کاری کا آغازبھی کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ کا عظیم تحفہ ہے ہمیں اس کی قدرکرنی ہے، دنیا کی جدید ویلفیئر سٹیٹس آقائے دو جہاں ﷺ کے متعارف کروائے گئے اخوت اور بھائی چارے کے نظام پر عمل پیرا ہیں،ہمیں بھی اس نظام کو حقیقی طور پر نافذ کرنا ہے۔

ریلی میں صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت دیگر شہروں کے ہر عمر اور طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد  نے شرکت کی۔

ریلی  کے اختتام پر سخی سلطان نے ملکی استحکام و سلامتی اور شہدا کے درجات کی بلندی  کے لئے خصوصی دعا بھی کروائی۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -