ن لیگ کے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے بعد پیپلز پارٹی نے’ پارلیمنٹ کو عزت دو ‘کا نعرہ لگا دیا 

ن لیگ کے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے بعد پیپلز پارٹی نے’ پارلیمنٹ کو عزت دو ‘کا نعرہ ...
ن لیگ کے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے بعد پیپلز پارٹی نے’ پارلیمنٹ کو عزت دو ‘کا نعرہ لگا دیا 

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ قائد اعظم کی دستور ساز اسمبلی میں برداشت اور عدم تشدد برابری مساوات کی تقریر آج بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہے ، زبردستی نظریات مسلط کرنے والوں کی راہ روکنا قائد اعظم کے مشن کی تکمیل ہے،قائد اعظم نے اظہار رائے کی آزادی سلب کرنے کو زہر قاتل قرار دیا تھا،انہوں نے پارلیمنٹ کو جمہور کے نمائندگان کا مرکز و محور بنایا ’پارلیمنٹ کو عزت دو ‘ مشن پر کاربند رہیں گے۔

یوم آزادی پر قوم اور بیرون ملک پاکستانیوں کو دلی مبارک باد دیتے ہوئےسید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور رفقاءکار کی جمہوری جدوجہد سے پاکستان دنیا کے نقشے پر ظہور پذیر ہوا،یوم آزادی کے موقع پر  ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ آئین کی بالادستی پارلیمنٹ کی توقیر اور جمہوریت کی مضبوطی ہمارا  مشن رہے گا ۔

سابق چیئرمین سینیٹ سید نیر حسین بخاری نے کہا کہ  قائد عوام کے جمہوری فلاحی پاکستان کے تصور کے حقیقی وارث ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو آئین کا جمہوری تحفہ دیا،بے نظیر بھٹو شہید نے خواتین کو بااختیار بنانے کے عملی اقدامات کے ذریعے قائد اعظم کی سیاسی بصیرت پر عمل کیا، آصف علی زرداری نے اپنے صدارتی اختیارات پارلیمنٹ کے حوالے کئے ،چیرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز قائد اعظم کے گیارہ اگست کے خطاب پر عمل پیرا ہوکر شہریوں کے برابر حقوق کیلئے کوشاں ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ آج یوم آزادی آئین کی بالادستی پارلیمنٹ کی توقیر اور عوامی جمہوری حکمرانی یقینی بنانے کی تجدید عہد کا دن ہے ، پیپلز پارٹی بھارتی غاصبانہ قبضہ کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد آزادی و حق خودارادیت میں شانہ بشانہ ہے۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -