سراج الحق نے تحریک انصاف کو عوام کے ارمانوں کا قاتل قرار دے دیا

سراج الحق نے تحریک انصاف کو عوام کے ارمانوں کا قاتل قرار دے دیا
 سراج الحق نے تحریک انصاف کو عوام کے ارمانوں کا قاتل قرار دے دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی طرح پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے بھی عوام کے ارمانوں کا خون کیا ، پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہونے اور بے پناہ قدرتی خزانوں اور ہیومن کیپیٹل کے باوجود بیروزگاری، غربت، مہنگائی کا گڑھ ہے،پی ٹی آئی نے ماضی کے حکمرانوں کی طرح حکومت سنبھالنے کے بعد ملکی استحکام کے لیے رتی برابر کام نہیں کیا،  قوم کو اب و ڈیروں، جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کے مزید دھوکے میں نہیں آنا چاہیے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں میں مہنگائی میں سو گنا اضافہ ہوا، لاکھوں لوگ بے روزگار ہوئے، تین کروڑ بچے غربت کی وجہ سے سکول نہیں جاتے، لوگوں کو پینے تک کا صاف پانی میسر نہیں،حکومتی ادارے کی ہی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق ملک کے بڑے چھوٹے شہروں کا پچاس فیصد سے لے کر سو فیصد تک پانی پینے کے قابل نہیں، ملک میں ہرسال لاکھوں اموات اور بیماریاں صرف آلودہ پانی کے استعمال کی وجہ سے ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں اور صحت کے انفراسٹرکچر کی حالت سب کے سامنے آئے،خارجہ پالیسی ناکامیوں کا تسلسل ہے،پی ٹی آئی بتائے اس نے عوام کی فلاح کے لیے اب تک کیا کیا؟۔ امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ سب آزمائے جاچکے ہیں،میری قوم سے اپیل ہے کہ اس ملک کی قسمت سنوارنے کے لیے اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے،ہمیں آزادی کے دن یہ عہد کرنا ہوگا اس ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنا اپنا حصہ ضرور ڈالیں گے