جرمنی کاپاکستان میں تجارت وسرمایہ کاری کے فروغ کے لیے2014 میں ”ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس“ منعقدکرنے کا فیصلہ

جرمنی کاپاکستان میں تجارت وسرمایہ کاری کے فروغ کے لیے2014 میں ”ٹریڈ اینڈ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اکنامک رپورٹر )جرمنی نے پاکستان میں تجارت وسرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کراچی میں سال2014 کے وسط میں ”ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس“ منعقدکرنے کی حکمت عملی وضع کرلی ہے جس میں جرمن کمپنیوں کے علاوہ پاکستان میں سرمایہ کاری اورجوائنٹ وینچرزکے خواہش مند جرمن سرمایہ کار بھی بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔یہ بات جرمنی کے قونصل اینڈ ڈپٹی ہیڈ آف مشن ہنس جورگن پاشلے نے کراچی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پرکہی۔ ہنس جورگن پاشلے نے بتایا کہ مذکورہ کانفرنس سے متعلق انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے وہ آئندہ ہفتے جرمنی جارہے ہیں۔ انہوں نے کانفرنس کو پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کا باعث قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ پرامید ہیں کہ ”ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس“ کے انعقاد سے دونوں ملکوں کے تاجروں کو قریب آنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے پاکستان کو جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے حصول میں جرمنی کے کردار کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے پاکستان کو یورپی یونین کے لیے تجارتی حجم میں اضافے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔


انہوں نے پاکستان کے 110رکنی وفد کے رواں سال اکتوبر میں جرمنی کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایاکہ برلن اور میونچ کے دورے کے موقع پر پاکستانی وفد کی مختلف اجلاسوں میں شرکت اوربزنس ٹو بزنس میٹنگز دونوں ملکوں کے لیے سود مند ثابت ہو نگی۔ انہوں نے پاکستانی تاجروں کو ویزے کے حصول میں حائل دشواریوں کو دور کرنے کی بھی یقین دہائی کرائی اور کہاکہ ترجیحی بنیاد پر ویزوں کے اجرا کاعمل جاری رکھا جائے گا۔کراچی چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر مفسر عطا ملک نے کہاکہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دیرینہ سفارتی تعلقات ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں۔

مزید :

کامرس -