وطن جاکر پاکستان کیلئے تجارتی سفیر کا کردار ادا کرینگے ، فرانسیسی اراکین پارلیمنٹ

وطن جاکر پاکستان کیلئے تجارتی سفیر کا کردار ادا کرینگے ، فرانسیسی اراکین ...

 لاہورر(کامرس رپورٹر) فرانس کے پارلیمانی وفد نے لاہور چیمبر کے دورہ کے موقع پر اعلان کیا ہے کہ وہ وطن واپس جاکر پاکستانی سفیر کا کردار ادا کریں اور اس ملک کی وسیع معاشی پوٹینشل اور بہترین جغرافیائی حیثیت سے دنیا کو آگاہ کریں گے ۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین سے ملاقات میں فرانسیسی پارلیمنٹرینز نے کہا کہ فرانسیسی حکومت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے کیونکہ یہ خطے کا اہم ملک ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان مضبوط روابط کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں جن سے فرانسیسی سرمایہ کاروں کو آگاہ کیا جائے گا۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے فرانس پاکستان فرینڈشپ گروپ کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ رقبے کے حوالے سے فرانس مغربی یورپ کا بڑا ملک ہے جبکہ معاشی حوالے سے اس کا شمار دنیا کے کامیاب ترین ممالک میں ہوتا ہے۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ بطور فرانسیسی پارلیمانی اراکین اور فرانس پاکستان فرینڈ شپ گروپ، وفد کے اراکین پاکستان کی بہترین ساکھ کو اْجاگر کرنے کے لیے کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی نسبت آج پاکستان میں صورتحال غیرملکی سرمایہ کاری کے لیے بہت سازگار ہے۔ باہمی تجارت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ملک طاہر جاوید نے کہا کہ 2015ء میں باہمی تجارت کا مجموعی حجم 778ملین ڈالر تھا جو 2016میں 817ملین ڈالر ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ تجارت میں اضافے کا رحجان جاری رکھنے کی ضرورت ہے جبکہ تجارت میں توازن قائم کرنے کے لیے بھی اقدامات ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت ک حوالے سے پاکستان ایک خوبصورت اور تاریخی ملک ہے ، فرانسیسی اور پاکستانی تاجر اس شعبے میں مشترکہ منصوبہ سازی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے فرانس کے پارلیمانی وفد پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی بہترین ساکھ اْجاگر کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔

مزید : کامرس