غیر ملکی وفود انٹیریئرز پاکستان نمائش میں شرکت کیلئے پہنچنا شروع ہوگئے

غیر ملکی وفود انٹیریئرز پاکستان نمائش میں شرکت کیلئے پہنچنا شروع ہوگئے

لاہور (کامرس رپورٹر)چین، ترکی، تائیوان، تھائی لینڈ اور دیگر ممالک کے فرنیچر کی صنعت سے وابستہ اعلیٰ سطح کے وفود تین روزہ 9 ویں انٹیریئرز پاکستان نمائش میں شرکت کیلئے پہنچنا شروع ہوگئے جو 15 دسمبر سے یہاں ایکسپو سینٹر میں شروع ہوگی۔ بدھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ غیر ملکی وفود پی ایف سی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کرہے ہیں اور ان کے دورہ کے تمام سفری و رہائشی اخراجات کونسل برداشت کر رہی ہے۔ پی ایف سی بورڈ آف ڈائریکٹرز خواجہ مقبول الٰہی، شہزاد یوسف مغل، شہباز اسلم اور رضوان امجد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ میاں کاشف اشفاق نے بتایا کہ غیر ملکی وفود کو نمائش میں شرکت کی دعوت دینے کا بنیادی مقصد غیر ملکی سرمایہ کاروں اور درآمد کنندگان کو پاکستان کے ہاتھ سے تیار کردہ بہترین، معیاری، ٹھوس لکڑی کے فرنیچر سے متعارف کرانا ہے اور تمام غیر ملکی مہمانوں کی سہولت کے لئے خصوصی غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ معلومات کی فوری فراہمیکو یقینی بنانے کے لئے نمائش میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے لئے خصوصی ڈیسک قائم کیا گیا ہے جس کے کوآرڈینیٹر عدنان افضل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے تمام انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ان پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 100 سے زائد مقامی کمپنیاں اور انٹیریئر ڈیزائنرز اس نمائش میں اپنی مصنوعات ڈسپلے کریں گے جبکہ دو سے اڑھائی لاکھ افراد اس میگا ایونٹ میں شرکت کریں گے۔ یہ نمائش نوجوان ڈیزائنرز اور آرکیٹیکٹس کو مارکیٹ رجحانات دیکھنے اور بڑے پیشہ ور افراد کی مصنوعات کے متوازی اپنے کام کی نمائش کا موقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایف سی دنیا بھر کی فرنیچر مارکیٹوں میں پاکستان کی موجودگی کو یقینی بنانے اور پاکستانی فرنیچر ڈیزائنرز اور مینوفیکچررز کے لئے مرکزی باڈی کا کردار ادا کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان کی لکڑی کی صنعت بہت ترقی یافتہ ہے اور ملک کی مجموعی فرنیچر مارکیٹ کے 95 فیصد کا احاطہ کرتی ہے۔ ملک میں لکڑی کے فرنیچر کے 700 سے زائد یونٹ ہیں اور صرف چنیوٹ ملک کی 80 فی صد فرنیچر طلب پوری کرتا ہے جبکہ گجرات ورلڈ کلاس فرنیچر کا مرکز اور پشاور، لاہور اور کراچی دیگر اہم مراکز ہیں۔

مزید : کامرس