فیروزوالہ کے سرحدی علاقہ سے نر پاڑہ ہرن برآمد،چڑیا گھر منتقل

فیروزوالہ کے سرحدی علاقہ سے نر پاڑہ ہرن برآمد،چڑیا گھر منتقل

لاہور( لیڈی رپورٹر)محکمہ وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب گوجرانوالہ ریجن کے افسران نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فیروزوالہ کے سرحدی علاقے سے ایک نر پاڑہ ہرن کو پکڑ کر لاہور چڑیا گھر منتقل کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف گوجرانوالہ ریجن عبدل شکور منج کو رات گئے اطلاع ملی کہ سرحدی علاقے فیروزوالہ کے علاقے کوٹلی مچھراواں کے علاقے میں ایک ہرن موجود ہے جس پر وہ اپنے اسسٹنٹ ڈائریکٹر احسان احمد راجہ اور فیلڈ سٹاف کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور کارروائی کرتے ہوئے نر پاڑا ہرن کو اپنے قبضہ میں لے کر بحفاظت لاہور چڑیا گھر منتقل کر دیا ہے۔ نئے ہرن کی آمد سے لاہور چڑیا گھر میں پاڑا ہرنوں کی تعداد بڑھ کر 31 ہو گئی ہے۔ڈائریکٹر جنرل ائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے پاڑا ہرن کو پکڑنے کے لئے فوری کارروائی کرنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف گوجرانوالہ ریجن عبدل شکور منج ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر احسان احمد راجہ اور فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں اس جذبے سے کام کرتے رہنے کی ہدائت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقے سے پکڑے جانے والے جنگلی پاڑہ ہرن اور مصنوعی ماحول میں افزائش پانے والے (Captive)پاڑہ ہرنو ں کی نسلوں کے باہمی ملاپ سے نہ صرف ان کی نسل میں نمایاں بہتر ی آئے گی بلکہ زیادہ صحت مند نسل ملے گی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1