پٹرولنگ پولیس نے مختلف وارداتوں اور الزامات میں ملوث 17ملزموں کو گرفتار کرلیا
لاہور(کرائم رپورٹر) پٹرولنگ پولیس کی کارروائی، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر461مقدمات درج، ون ویلنگ کرنے والے 4 ملزمان گرفتار، جعلی نمبر پلیٹ لگانے والے7 ملزمان گرفتار،3شرابیوں کے خلاف مقدمات درج،3 جواری گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق پٹرولنگ پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر461ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے۔دریں اثناء پنجاب ہائی وے پٹرولنگ نے جعلی نمبرپلیٹ لگانے اور غیر قانونی سبزنمبرپلیٹ لگانے کے جرم میں 7 ملزمان گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کیے جبکہ4 افراد ملک اہتشام، محمد اسامہ، سبحان اور بابر علی کو ون ویلنگ کے جرم میں گرفتار کیا۔ علاوہ ازیں پنجاب ہائی وے پٹرول نے3شرابیوں سمیر، اسلام اور اصغر کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کیے۔ پٹرولنگ پولیس نے 3 ملزمان صفدر، ارسلان اور نسیم کو جوا کھیلتے ہوئے گرفتار کیا اور ان کے قبضہ سے پندرہ سو روپے برآمد کئے۔ پنجاب ہائی وے پٹرول نے مزید کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی گیس سلنڈرنصب کرنے کے جرم میں 38 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے۔