تمام تعلیمی اداروں میں ڈراپ لین کا بننا ضروری اقدام ہے، رائے اعجاز احمد

تمام تعلیمی اداروں میں ڈراپ لین کا بننا ضروری اقدام ہے، رائے اعجاز احمد

لاہور(کرائم رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر لاہور ایس ایس پی رائے اعجاز احمد نے کہا ہے کہ سیف سٹی پراجیکٹ اور تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد سٹی ٹریفک پولیس شہریوں کو مزید سفری سہولیات فراہم کرسکے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے وفد سے ٹریفک معاملات اور ان کے حل کیلئے اہم ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر ایس پی سٹی آصف صدیق ، ڈائریکٹر واصف ادیب جاودانی، چیئرمین میاں محمد یوسف، نذیر احمد، امتیا ز احمد ، ڈاکٹر سعد عابد اور ملک شیرازا متیا ز بھی موجود تھے۔ سی ٹی او نے مزید کہا کہ وہ نصاب میں ٹریفک مضامین کی شمولیت اور شہریوں کو بہترین سفری سہولیات دینے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ شہر کے تمام تعلیمی اداروں میں ڈراپ لین کا بننا انتہائی ضروری اقدام ہے۔ روڈ سیفٹی یونٹ کے افسران روزانہ شہر کے مختلف تعلیمی اداروں میں جاکر طالبعلموں کو ٹریفک قوانین کی اہمیت اْجاگر کرنے کیلئے لیکچردیتے اور آگاہی پمفلٹ تقسیم کرتے ہیں۔ ایسوسی ایشن کے وفد نے جن معاملات کی نشاندہی کی ہے ان کو سنجیدگی سے دیکھا اور حل کیا جائے گا۔ شہر میں تجاوزات ، کم عمر ڈرائیونگ ، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے اور ہیوی ٹریفک کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ وفد میں شامل ممبران نے اس موقع پر کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک مسائل کوسنجیدگی سے حل کرنے کی کاوش کو وہ عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پولیس کو ٹریفک مسائل حل کرنے کیلئے جب بھی ہماری ضرورت ہو ہم شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔

مزید : علاقائی